کھیل

ورلڈکپ میں بڑا اپ سیٹ: افغانستان کے ہاتھوں پاکستان کو عبرتناک شکست

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں افغانستان نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے پہلی بار پاکستان کو شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

افغانستان نے پاکستان کا 283 رنز کا ہدف با آسانی 49 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ابراہیم زدران 87 رنز بناکر نمایاں رہے۔

افغانستان کی پاکستان کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی کامیابی ہےجبکہ رواں ورلڈکپ میں افغان ٹیم نے دوسرا اپ سیٹ کیا ہے۔

اس سے قبل افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔

واضح رہے کہ گرین شرٹس کو رواں ورلڈکپ میں تیسری ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، پاکستان نے اب تک ورلڈکپ میں 5 میچز کھیلے جس میں 2 میں کامیابی ہوئی جبکہ 3 میچز میں شکست ہوئی۔

چنئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے، بابر اعظم 74 اور عبد اللہ شفیق 58 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کے 283 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بیٹرز نے شروع سے ہی پاکستان بولرز کا جم کر مقابلہ کیا، دونوں اوپنرز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے افغان ٹیم کو 130 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا۔

گرین شرٹس کی جانب سے گندی فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس کی وجہ سے بولرز مخالف ٹیم پر دباؤ نہیں ڈال سکے۔

تاہم اوپنر گرباز 65 اور ابراہیم 87 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، 2 وکٹیں گرنے کے بعد بھی افغان ٹیم بالکل دباؤ میں نہیں آئی اور کپتان حشمت اللہ اور رحمت شاہ نے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کو جیت دلوادی۔

کپتان حشمت اللہ 48 اور رحمت شاہ 77 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، افغانستان نے پاکستان کا ہدف 49 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button