اپر دیر کے ریاض اللہ نے پاکستان انڈر 19 اسکواڈ میں جگہ بنا لی
زاہد جان دیروی
اپر دیر سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ بیٹر محمد ریاض اللہ کو سری لنکا کے خلاف ہونے والے سیریز کے لیے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں منتخب کر لیا گیا۔
تحصیل براول کے پسماندہ علاقے بین پائین سے تعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بیٹر محمد ریاض نے اپنی سلکیشن پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں کرکٹ سے بہت شوق تھا جبکہ والدین کی سپورٹ اور اپنی محنت کی بدولت ان کی سری لنکا کے خلاف انڈر 19 اسکواڈ میں سلکیشن ممکن ہوئی۔
ٹی این این سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ کھیلنے کے لیے پشاور گئے اور وہاں اسلامیہ کرکٹ اکیڈمی میں تربیت حاصل کی۔ انڈر 16 میں موقع ملا اور اس میں ٹاپ کیا جس کے بعد رواں سال انڈر 19 میں ایبٹ آباد ریجن سے پاکستان ون ڈے کپ میں کھیلنے کا موقع ملا جس میں چار میچوں میں تین سنچریاں اسکور کرکے نہ صرف ٹاپ کیا بلکہ ایبٹ آباد ریجن نے اپنے چار میچز جیت لئے۔
ریاض اللہ اس وقت پاکستان ون ڈے کپ کے فائنل میچ کھیلنے کے لیے کراچی پہنچ گئے ہیں جبکہ اس کے بعد سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ٹریننگ سیشن جوائن کریں گے۔
ادھر ایبٹ آباد ریجن ٹیم کے مینجر مختیار حسین نے بتایا کہ ریاض اللہ بہت ٹیلنٹیڈ کھلاڑی ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان ون ڈے کپ میں بہترین فارمنس پر سیلکٹرز نے انہیں انڈر 19 اسکواڈ میں شامل کر لیا۔
انہوں نے بتایا ریاض کے علاوہ مردان سے تعلق رکھنے والے فاسٹ باولر آفتاب احمد کو بھی ایبٹ آباد ریجن سے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے سلیکٹ کیا گیا ہے جس سے یہ ثابت ہوا کہ خیبر پختونخوا میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن اگر خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کئے جائیں تو مستقبل میں بے شمار ٹیلنٹ سامنے آ سکتا ہے۔