کھیل

ورلڈ کپ میں آج پاکستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا

 

ائی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں آج ایک اور اہم میچ دو سابق عالمی چیمپئنز پاکستان اور سری لنکا کے درمیان حیدرآباد دکن میں کھیلا جائے گا۔ کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ بھارت میں جاری ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں گرین شرٹس تاحال آئی لینڈرز کے لیے نا قابل شکست رہے ہیں تاہم حال ہی میں ایشیا کپ میں پاکستان کو سری لنکا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے اپنا افتتاحی میچ نیدر لینڈ کے خلاف جیت رکھا ہے جب کہ سری لنکا کو جنوبی افریقہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

قومی ٹیم آج کے میچ میں ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف اپنے نا قابل شکست ہونے کا ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے آئی لینڈر کو شکست دے کر ایشیا کپ کا حساب چکتا کر سکتی ہے۔ ساتھ ہی اس میگا ایونٹ میں اپنے آگے کے سفر کو بھی آسان بنا سکتی ہے۔

اس وقت پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر ایک جیت کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اور سری لنکا کے خلاف فتح اسے دوسرے یا پہلے نمبر پر پہنچا سکتی ہے۔ میچ کی اہمیت کے پیش نظر شاہینوں نے مسلسل دوسرے روز بھی پریکٹس کی۔ کپتان بابر اعظم سمیت 9 کھلاڑیوں نے حیدرآباد کے جم خانہ گراؤنڈ میں مشقیں کیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ کپ مقابلوں میں تو پاکستان نا قابل شکست رہا ہے جب کہ ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں بھی شاہینوں کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 156 بار مدمقابل آئی ہیں جن میں گرین شرٹس نے 92 میچز جیت رکھے ہیں جب کہ آئی لینڈرز کے ہاتھ 59 میچوں میں فتح ہاتھ آئی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button