کھیل

نسیم شاہ کی بدولت پاکستان نے افغانستان کو دوسرے ونڈے میں شکست دے دی

 

دوسرے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو  دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے تین ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نسیم شاہ کی اہم اننگز کی بدولت 49.5 اوورز میں  آخری وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا۔

افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ بہترین ثابت ہوا، افغان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنائے۔جواب میں قومی ٹیم نے  301 رنز کا ہدف  49.5 اوورز میں آخری وکٹ پر حاصل کرلیا۔

افغان اوپنرز  نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور سیٹ ہونے کے بعد وکٹ کے چاروں جانب اسٹروک کھیلے، افغان اوپنرز نے ٹیم کو 227 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ افغان اوپنر  رحمٰن اللہ گرباز نے 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور شاہین آفریدی کا شکار بنے، رحمٰن اللہ گرباز کی اننگز میں 3 چھکے اور 14 چوکے شامل تھے جب کہ دوسرے اوپنر ابراہیم زادران 80 رنز بنا کر اسامہ میر کا شکار بنے۔

ان کے علاوہ محمد نبی 29، راشد خان 2 اور شاہد اللہ ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے،کپتان حشمت اللہ شاہدی 15 اور عبدالرحمٰن 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

301 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنرز نے بھی محتاط انداز اپنایا اور ٹیم کو 52 رنز کی شراکت فراہم کی، 30 کے انفرادی اسکور پر فخر زمان فضل حق فاروقی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ان کے بعد کپتان بابر اعظم آئے جنہوں نے امام الحق کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 170 رنز تک پہنچا دیا، بابر بھی فضل حق کا شکار بنے، انہوں نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار نظر آئی، آغاسلمان 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، محمد رضوان بھی صرف 2 رنز بناسکے، امام الحق بھی 91 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس موقع پر شاداب خان نے جارحانہ اننگز کھیلی اور 35 گیندوں پر 48 رنز بنائے تاہم آخری اوور کی پہلی گیند پر منکڈ آؤٹ ہوگئے۔

آخری لمحات میں نسیم شاہ نے ایک بار پھر وننگ اننگز کھیلی، انہوں نے قیمتی 10 رنز بنائے اور فتح افغانستان کے ہاتھوں سے چھین لی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال ایشیا کپ میں افغانستان کے خلاف میچ میں نسیم شاہ نے دو چھکوں کی مدد سے پاکستان کو میچ جتوا دیا تھا، آخری اوور میں جب جیت کے لیے گیارہ رنز درکار تھے نسیم شاہ نے فضل الحق فاروقی کو ہی دو گیندوں پر دو چھکے مارکر ایک وکٹ کی سنسنی خیز فتح دلوائی تھی۔ یاد رہے کہ  پاکستان کو ون ڈے سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے، پاکستان نے پہلے میچ میں حریف ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 142 رنز سےکامیابی حاصل کی تھی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button