کھیل

نیوزی لینڈ کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان، قیاس آرائیوں پر چیف سلیکٹر کی وضاحت

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے جس پر معمول کے مطابق قیاس آرائیاں بھی جاری ہے تاہم ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے واضح کیا ہے کہ سلیکشن کپتان بابراعظم کی مشاورت سے ہوئی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہارون رشید نے کہا کہ تین میگا ایونٹ  ایشیاکپ، ورلڈکپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ آئندہ برس ہونا ہیں، اس کے مطابق کمبی نیشن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیم کا اعلان گزشتہ روز کر دیا گیا تھا۔ افغانستان کے خلاف آرام کے بعد ٹاپ پلیئرز کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی ورلڈ کپ کے بعد پہلی مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلیں گے۔

بابر اعظم کپتان، شاداب خان نائب کپتان کی پوزیشن پر برقرار ہیں۔ احسان اللہ، زمان خان اور صائم ایوب ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل ہیں جبکہ عماد وسیم بھی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئے۔

اس کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود شامل ہیں۔

ون ڈے اسکواڈ میں بابر اعظم کپتان، شاداب خان نائب کپتان، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حارث سہیل، احسان اللہ، امام الحق، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور اسامہ میر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ریزرو کھلاڑیوں میں عباس آفریدی، ابراراحمد اور طیب طاہر شامل ہیں۔

مڈل آرڈر بیٹر حارث سہیل کی ون ڈے ٹیم میں سلیکشن پر ہارون رشید نے کہا کہ وہ غیر معمولی لیفٹ ہینڈر بیٹر ہے، حارث سہیل ایشیا کنڈیشنز میں اچھا ثابت ہو سکتا ہے، اگر حارث سہیل فارم اور فٹ رہتے ہیں تو اس سے مڈل آرڈر کو سہارا ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابراعظم ہمارا کپتان ہے، اس سے مکمل مشاورت اور ہر کھلاڑی پر بات ہوئی ہے،  بابر سے دو تین ملاقاتیں ہوئیں،کسی کی سلیکشن پر اختلاف نہیں ہے، سب ایک پیج پر ہیں، اب بار اعظم پر انحصار ہے کہ کس کو کھلاتے ہیں اور کس کو نہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے ڈراپ ہونے والے جارحانہ بلے باز اعظم خان سے متعلق ہارون رشید نے کہا کہ اعظم کو خود بھی دیکھنا ہے کہ کون سی کمزوری ہے اور اس پر کام کرکے واپس آنا ہے، اعظم کو اسپنرز کے خلاف مشکل ہوئی ہے، اس پر کام کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی ڈراپ ہو جائے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس کا کم بیک نہیں ہو گا، حارث سہیل اور اعظم خان کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔

ہارون رشید کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایشیا کپ سے قبل 8 ون ڈے میچز  ہیں،ان 8 ون ڈے میچز میں ہمیں بہت کچھ دیکھنا ہے،ہم نے ون ڈے میچز بہت کم کھیلے ہیں۔

ہارون رشید نے کہا کہ شاداب خان بہت کم کرکٹ کھیلا ہے، اس کو موقع دینا بنتا ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف اچھا مقابلہ ہوگا، میں کسی ٹیم کو ہلکا نہیں سمجھتا، ہمارے ہاں ہار جیت پر زیادہ ایشو ہوتے ہیں، دنیا میں ایسا نہیں ہوتا، کوئی ٹیم ہارنے کے لیے میدان میں نہیں اترتی۔

سیریز کا شیڈول

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 14 اپریل کو لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی 15 اور 17 اپریل کو تیسرا ٹی ٹوئنٹی لاہور ہی میں کھیلا جائے گا۔

چوتھا اور پانچواں ٹی ٹوئنٹی 20 اور 24 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد پانچ میچز کی ون ڈے سیریز شروع ہوگی، پہلا اور دوسرا ون ڈے 27 اور 29 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

تیسرا ، چوتھا اور پانچواں ون ڈے بالترتیب تین ، 5 اور 7 مئی کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

 

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button