کھیل

پی ایس ایل 8: پشاور زلمی نےکراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دے دی۔

کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 197 رنز ہی بنا سکی۔

اس سے قبل میچ کے آغاز کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور پشاور نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے ٹام کولہر کیڈمور نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 92 رنز بنائے جبکہ کپتان بابر اعظم 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کی جانب سے محمد عامر اور عماد وسیم مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے۔ عامر نے 4 اوورز میں 42 جبکہ عماد نے 3 اوورز میں 42رنز دیے تاہم دونوں کوئی ایک وکٹ نہ لے سکے البتہ میر حمزہ، اینڈریو ٹائے، عمران طاہر اور بین کٹنگ ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

کراچی کنگز نے اننگز کا آغاز کیا تو شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، میتھیو ویڈ 23، قاسم اکرم 7 اور حیدر علی 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شعیب ملک اور کپتان عماد وسیم نے 131 کی شراکت قائم کی تاہم ملک 52 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

دوسری جانب عماد وسیم نے پشاور کے بولرز کے خلاف مزاحمت جاری رکھی اور جارحانہ کھیل پیش کیا لیکن ٹیم کو فتح نہ دلاسکے اور آخری اوور میں کراچی کی ٹیم دلچسپ مقابلے کے بعد 2 رنز سے ہار گئی۔

کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے، عماد وسیم 47 گیندوں پر 80 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور جیمز نیشم نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو ایک رنز سے شکست دی تھی۔

ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے 6 وکٹوں پر 175 رنز بنائے جبکہ ملتان سلطانز  کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 174 رنز  بنا سکی، کپتان محمد رضوان 75 رنز بنا کر مین آف دی میچ قرار پائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین، حارث، زمان اورحسین طلعت نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر اور احسان اللہ نے دو دو اور عقیل حسین اور شاہنواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button