اسلامیہ کالج میں خصوصی افراد کیلئے خصوصی سپورٹس فیسٹیول
محکمہ صحت خیبر پختونخوا اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی ) نے اس سال یومِ معذوراں پر اسلامیہ کالج پشاور میں مشترکہ طور پر سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا جس میں ملک بھر سے 150 سے زائد خصوصی کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
گزشتہ روز منعقدہ اس فیسٹیول میں وہیل چیئر کرکٹ، بلائنڈ کرکٹ (نابینا افراد)، ٹیبل ٹینس، میراتھن، مباحثے، آرٹ کے مقابلے اور بورڈ گیمز شامل تھے۔
تقریب میں تھیٹر کے زریعے معذور افراد کی مشکلات اور محرومیوں کو پیش کیا گیا۔
آئی سی آر سی سال 2012 سے خصوصی افراد کا عالمی دن منا رہی ہے تاکہ خصوصی افراد کو درپیش چینلجز کو اجاگر کر سکے اور ان کی مشکلات میں کمی ہو۔
اس موقع پر آئی سی آر سی سب ڈیلیگیشن پشاور کے سربراہ جہاد نبھان نے کہا کہ وہ پاکستان میں 1984 سے جسمانی بحالی کی خدمات فراہم کر رہے ہیں، 2022 میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ہم نے خیبر پختونخوا میں 10,000 سے زائد معذور افراد کی جسمانی بحالی میں مدد کی، پشاور میں خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے اشتراک سے اس تقریب کا انعقاد معذور افراد کی سماجی شمولیت کے حوالے سے بحالی اور خود مختاری حاصل کرنے کی جانب ایک اور قدم ہے اور اس سے معذور افراد سے منسوب مختلف سماجی مسائل کوحل کرنے میں مدد ملے گی۔
تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل مجید نے بھی شرکت کی اور محکمہ صحت و آئی سی آر سی کی خدمات کو سراہا۔
تقریب کی مہمان خصوصی ڈاکٹر سیدہ محسود ڈائریکٹر کیوریٹو خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ "اس طرح کے واقعات ان نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو دکھانے کا موقع فراہم کرتے ہیں، کھیل معذور افراد پر مثبت جسمانی، ذہنی اور سماجی اثرات پیدا کرنے کی صلاحیتوں میں نکھار لاتا ہے جبکہ معذوری کے حامل کھلاڑیوں کے لیے رکاوٹوں اور حدود کو دور کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معذور افراد معاشرے کا مساوی حصہ ہیں، وہ بھی عام لوگوں کی طرح ہیں جنہیں اچھی زندگی گزارنے کے وہی مواقع ملنے چاہئیں جو ہمیں ملتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر اس ایک روزہ سپورٹس فیسٹیول کے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کئے گئے۔