کھیل

ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست، ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان کے نام

پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں وہائٹ واش کر دیا۔

نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 207 رنز بنائے، پاکستان نے بیٹنگ کی تو ویسٹ انڈیز ٹیم کا دیا گیا 208 رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مجموعی طور پر 14 چوکے اور 12 چھکے لگائے، برینڈن کنگ نے 43، بروکس نے 49 اور کپتان نکولس پوراننے 64 رنز بنائے۔ محمد وسیم نے 2 جبکہ شاہنواز دھانی نے 1 وکٹ حاصل کی۔

اوپنر محمد رضوان نے 87 اور بابر اعظم نے 79 رنز اسکور کرکے ٹیم کو فتح دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ فخر زمان نے 12 اور آصف علی نے 21 رنز بنائے۔

خیال رہے کہ کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے سبب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے درمیان ون ڈے سیریز کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ سیریز 6 کھلاڑیوں اور 2 آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ملتوی کی گئی، پی سی بی اور ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم آج رات واپس وطن روانہ ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز 18 دسمبر سے کراچی میں ہی شروع ہونی تھی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ تھی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button