دبئی: کیویز کو 8 وکٹوں سے شکست، کینگروز عالمی کپ لے گئے
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے اور آخری معرکے میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر عالمی کپ اپنے نام کر لیا۔
https://twitter.com/ESPNcricinfo/status/1459934725544497153
دبئی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 172 رنز بنائے، جواب میں آسٹریلیا نے یہ ہدف صرف 2 وکٹ کے نقصان پر ایک اوور پہلے ہی پورا کر لیا۔
https://twitter.com/ESPNcricinfo/status/1459924558589296642
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایرون فنچ 5 رنز ہی بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے 92 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے اپنی کی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، دونوں نے نصف سنچریاں بنائیں۔
ڈیوڈ وارنر 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم مچل مارش نے 77 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ گلین میکسوئل بھی 28 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے دونوں وکٹیں ٹرینٹ بولٹ نے حاصل کیں۔
قبل ازیں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کیویز کی جانب سے سیمی فائنل کے ہیرو ڈیرل مچل بڑے معرکے میں ناکام رہے اور صرف 11 رنز بنا سکے، گلین فلپس 18 رنز جبکہ مارٹن کپٹل 35 گیندوں پر صرف 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تاہم کپتان کین ولیمسن نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 48 گیندوں پر 85 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ ہوئے۔
https://twitter.com/ICC/status/1459908458673704971
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ ایڈم زمپا کے حصے میں آئی۔