سری لنکا کو شکست، انگلینڈ نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا
انگلینڈ نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
شارجہ میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 163 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 137 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
سری لنکا کی جانب سے نسانکا 1، کوشل پریرا 7، اسالانکا 21، ایوشکا فرنانڈو 13، راجا پکسے اور داشن سانکا نے 26، 26 جبکہ ہسارنگا ڈی سلوا نے 34 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے کرس جورڈن، عادل رشید اور معین علی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگش ٹیم کی ابتدائی 3 وکٹیں 35 رنز پر ہی گر گئیں، اوپننگ بلے باز جیسن روئے صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، ڈیوڈ ملان 6 اور جونی بریسٹو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔
کپتان ایون مورگن نے 40 رنز کی اننگز کھیلی تاہم انگلینڈ کے دوسرے اوپننگ بلے باز جوز بٹلر نے جارحانہ انداز میں اپنا کھیل جاری رکھتے ہوئے ایونٹ کی پہلی سنچری بنا ڈالی۔ بٹلر نے 67 گیندوں پر 101 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔