انڈیا کو نیوزی لینڈ، نمیبیا کو افغانستان کے ہاتھوں شکست
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں نیوزی لینڈ نے بھی بھارت کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم معرکے میں بھارت کا کوئی ایک بلے باز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا جس کی وجہ سے مقررہ اوورز میں انڈیا نے 7 وکٹ کے نقصان پر 110 رنز بنائے، جواب میں کیویز نے مطلوبہ ہدف آسانی سے 2 وکٹ کے نقصان پر 15ویں اوور میں پورا کر لیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل نے 20 اور ڈیرل مچل نے 49 رنز کی ذمہ دارنہ اننگز کھیلی جب کہ کپتان کین ولیمسن 33 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے جسپرٹ بمرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ایشان کشان اور کے ایل راہل نے اننگز کا آغاز کیا، کشان 4 اور راہل 18، کپتان ویرات کوہلی 9 جبکہ روہت شرما 14 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔ رشبھ پانٹ 12 اور ہاردک پانڈیا 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ جڈیجا 26 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ 3، ایش سوڈھی 2، ٹم ساؤتھی اور ایڈم ملنے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں افغانستان نے نمیبیا کو 62 رنز سے شکست دی تھی۔
دبئی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 27ویں میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 160 رنز بنائے جس کے جواب میں نمیبیا کی ٹیم 9 وکٹ کے نقصان پر 98 رنز ہی بنا سکی۔
نمیبیا کی جانب سے کریگ ولیمس 1، مائیکل وین لینگین 11، کپتان اراسمس 12، ڈیوڈ ویزے 26 اور نکول لوفٹی ایٹن 14 اور روبن ٹرومپلمین 12 رنز بنا سکے۔
افغانستان کی جانب سے نوین الحق، حامد حسن نے 3،3 ، گلبدین نائب نے 2 اور راشد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں میچ کے آغاز پر افغانستان نے نمیبیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو افغانستان کی جانب سے اننگز کا آغاز حضرت اللہ زازئی اور محمد شہزاد نے کیا، دونوں اوپنرز نے شاندار آغاز فراہم کیا اور 53 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد زازئی 33 جب کہ شہزاد 45 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے۔
اپنا آخری انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے اصغر افغان نے 31 رنز کی اننگز کھیلی، رحمت اللہ گرباز 4، نجیب اللہ زردان 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان محمد نبی 32 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
نمیبیا کی جانب سے روبن ٹرومپلمین اور نکول لوفٹی ایٹن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے پاکستان نے بھی بھارت کو سپر12 مرحلے میں 10 وکٹ سے شکست دی تھی۔