ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی۔
دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 19ویں میچ میں حارث رؤف کی عمدہ بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 134 رنز بنا سکی جس کے جواب میں پاکستان نے آصف علی کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت ایک اوور پہلے ہی مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔
اس سے قبل پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کیویز کی جانب سے مارٹن گپٹل ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا تاہم گپٹل 17 رنز اور مچل 27 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے جب کہ جمی نیشام صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
کپتان کین ولیمسن نے ڈیوڈ کونوے کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم 25 رنز بنانے کے بعد حسن علی نے انہیں اپنی ہی گیند پر رن آؤٹ کر دیا، ڈیوڈ کونوے بھی 27 رنز پر ہمت ہار گئے۔ گلین فلپس کی اننگز کا خاتمہ 13 رنز پر حارث رؤف نے کیا۔ ٹم سفرٹ بھی 8 رنز ہی بنا سکے۔
حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے آخری 4 اوورز میں اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا جس کے باعث کیویز بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4، شاہین آفریدی ، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم پچھلے میچ کے برعکس بابراعظم اس بار صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جس کے بعد فخرالزمان بیٹنگ کے لیے آئے اور 11 رنز ہی بنا سکے، محمد حفیظ بھی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
محمد رضوان بھی 33 رنز پر ہمت ہار بیٹھے اور عماد وسیم 11 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے تاہم شعیب ملک نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور آخر میں آصف علی نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے گراؤنڈ میں چھکوں کی برسات کر دی۔ شعیب ملک اور آصف علی 27، 27 رنز پر ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹ سے شکست دی تھی۔
دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 18ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 143 رنز بنائے جو پروٹیز نے 18ویں اوور میں 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کپتان ڈمبا باوما اور ریزا ہینڈرکس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ڈمبا پہلے ہی اوور میں 2 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے، ہینڈرکس 39 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد وان ڈار ڈاسن اور ایڈن مارکرم نے 43 اور 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
ورلڈکپ میں اس سے قبل جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ ہار چکی ہیں۔ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 5 وکٹ سے اور انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹ سے شکست دی تھی۔