پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ونڈے میچ آج کھیلا جائے گا
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین اور روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے آج کارڈف میں کھیلاجائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام5 بجے شروع ہوگا،میچ سے پہلے قومی کرکٹرز کابھرپور پریکٹس سیشن بھی ہوا۔
آج ہونے والے میچ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ انگلینڈ چیمپئن ٹیم ہے، مقابلے کو آسان نہیں سمجھ رہے، انگلش کھلاڑی نئے ضرور ہیں لیکن اُنہیں جانتے ہیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میچ کے کمبی نیشن سے متعلق پاکستان کی حکمت عملی واضح ہے اور کھلاڑیوں پر 100فیصد اعتماد ہے۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بائیں ہاتھ کے بلے باز حارث سہیل ہم اسٹرنگ انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق حارث سہیل کا ایم آر آئی اسکین بدھ کو ہوا جس سے پتہ چلا کہ وہ گریڈ تھری انجری کا شکار ہیں، ڈاکٹروں کی جانب سے حارث سہیل کو 4 ہفتے کا آرام تجویز کیا گیا ہے۔ حارث سہیل انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل تھے۔