کھیل

یونائیٹڈ باہر، فائنل میں زلمی اور سلطانز آمنے سامنے

پاکستان سپرلیگ کے ایلیمنیٹر 2 میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی تو اسلام آباد نے پشاور کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا جو پشاور زلمی نے 16 اعشاریہ 5 اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

میچ کے آغاز پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے، کولن منرو نے 29 گیندوں پر 44 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے ایک چھکا اور 7 چوکے لگائے، حسن علی نے صرف 16 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جبکہ باقی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔۔

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور عمید آصف نے 2، 2 جبکہ محمد عرفان، محمد عمران اور عماد بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے ان فارم بیسٹمین حضرت ﷲ زازئی نے 44 گیندوں پر 66 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 4 بلند بالا چھکے اور 6 چوکے لگائے۔

جوناتھن ویلز اور شعیب ملک ناقابل شکست رہے، جنہوں نے بالترتیب 55 اور 32 رنز بنائے۔ جوناتھن ویلز نے 3 چھکے اور 6 چوکے مارے جبکہ شعیب ملک کی اننگز میں ایک چھکا اور 5 چوکے شامل تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کا فائنل میچ 24 جون کو کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہو گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button