کھیل

ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12 رنز سے شکست دیدی

پاکستان سپر لیگ سکس کے 16ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12 رنز سے شکست دے دی۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 176 رنز بنائے جس کے جواب میں کراچی کنگز 7 وکٹ کے نقصان پر 164 رنز ہی بنا سکی۔

میچ کے آغاز پر کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ملطان سلطانز کی جانب رحمان اللہ اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم رحمان اللہ پہلے ہی اوور میں عماد وسیم کو وکٹ دے بیٹھے وہ صرف 3 رنز ہی بنا سکے۔

صہیب مقصود نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 14 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی اور ریلی روسوو بھی 24 گیندوں پر 44 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان رضوان 29 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔ خوشدل شاہ نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 44 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے تھیسارا پریرا نے 2، عماد وسیم اور وقاص مقصود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔ شرجیل خان 4 رنز پر رن آؤٹ ہوئے اور مارٹن گپٹل 16 گیندوں پر صرف 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ نجیب اللہ زردان بھی 11 ہی رنز بنا سکے۔

بابراعظم نے چیڈوک والٹن کے ساتھ مل کر 77 رنز کی اہم شراکت قائم کی، والٹن ایک اوور پہلے 35 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کراچی کنگز کو جیت کے لیے آخری اوور میں 23 رنز درکار تھے تاہم عمران خان آخری اوور میں 3 وکٹیں لے اڑے۔

بابراعظم آخر تک وکٹ پر موجود رہے، وہ 63 گیندوں پر 85 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عمران خان نے 3 اور عمران طاہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ آج اس سے قبل کھیلے گئے 15 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دی ہے۔

ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔ 144 رنز کے ہدف کےتعاقب میں قلندرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button