‘پختون شائقین چاہتے تھے کہ میں پشاور زلمی سے کھیلوں’
افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں پختون شائقین مجھے پشاور زلمی کی جانب سے کھیلتا دیکھنا چاہتے تھے مگر خوشی ہے کہ پی ایس ایل میں کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔
ویب سائٹ کرکٹ پاکستان کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی طرف سے کھیلنے کے لیے پرجوش ہوں اور عمدہ کارکردگی کا سلسلہ پی ایس ایل میں بھی برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ قلندرز کے مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، رواں سال بھی لاہور کی ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے گی۔
راشد خان نے کہا کہ قلندرز کی ٹیم میں موجود فخرزمان اور شاہین شاہ آفریدی سے میری اچھی دوستی ہے، وہ بھی پشتو بولتے ہیں، ہم گراؤنڈ میں بھی اسی کا استعمال کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ شاہد آفریدی کو دیکھ کر لیگ اسپن باولنگ شروع کی، بدقسمتی سے صرف ایک مرتبہ ہی ان کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین کرکٹ سمیت ہر کھیل میں مقابلے ہونے چاہئے۔