باڑہ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے زیرانتظام سپورٹس گالہ شروع
ضلع خیبر، باڑہ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے زیر انتظام سپورٹس گالہ شروع ہو گیا جس میں 50 سکولوں کی 72 ٹیمیں مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گی، سپورٹس گالہ کے میچز تین مقامات شاہد آفریدی سپورٹس کمپلیکس، بر قمبر خیل اور منڈی کس کے گراؤنڈ پر کھیلے جائیں گے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق ممبر صوبائی اسمبلی حاجی شفیق آفریدی نے سپورٹس گالہ کا افتتاح کیا، افتتاحی تقریب سے ممبر صوبائی اسمبلی، برقمبرخیل قومی کونسل کے چیئرمین حاجی سعیداللہ آفریدی، مسلم لیگ کے فقیر محمد، پی ایس اے کے سابق صدر اصغر خان، محمد عارف، روبیہ خیل اور دیگر نے خطاب کیا۔
اپنے خطاب کے دوران پی ایس اے باڑہ کے صدر گل ولی آفریدی نے کہا کہ قبائلی نوجوانوں میں صلاحیتوں کے باوجود ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے باڑہ میں سپورٹس کمپلیکس اور سپورٹس اکیڈمی نہیں۔
تقریب سے مہمان خصوصی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے پی ایس اے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے دور میں جہاں تعلیمی ادارے بند تھے وہاں پرائیویٹ سکولوں نے تعلیم کے سلسلے کو جاری رکھا اور ہمیں ایک نقصان سے بچائے رکھا کیونکہ ایک سازش کے تحت باڑہ کے نوجوانوں کو تعلیم سے محروم رکھنے کی کوشش کی گئی، لیکن وہ ناکام رہے۔
مہمان خصوصی نے کہا کہ مثبت سرگرمیاں صحت مند معاشرے اور ذہنی نشوونما نما کیلئے ضروری ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ قبائلی نوجوانوں نے کھیل کے میدان میں بھی ملک و قوم کا نام روشن کر رکھا ہے، کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ نوجوان تعلیمی سرگرمیوں پر بھی توجہ دے کر آنے والے بین الاقوامی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنے آپ کو تیار رکھیں۔
انہوں نے سپورٹس گالہ کی طرح باڑہ میں نوجوانوں کی تعلیمی سرگرمیاں اجاگر کرنے کیلئے تعلیمی مقابلے پر بھی زور دیا۔
15واں انٹرڈسٹرکٹ جوڈو چیمپئن شپ اختتام پذیر
ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں 15واں انٹرڈسٹرکٹ جوڈو چیمپئن شپ 5 سے 7 فروری 2021 کو ٹرائبل مارشل آرٹ اکیڈمی تور خیل مارکیٹ بر قمبر خیل میں منعقد ہوئی۔
ضم شدہ اضلاع کی تاریخ میں پہلی بار خیبر پختونخواہ کی سطح پر جوڈو کا یہ ایک بہت بڑا ٹورنامنٹ تھا جس کا انعقاد کامیابی سے کیا گیا۔
ٹورنامنٹ کی افتتاحی اور اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی نیاز والی آفریدی تھے جبکہ قمبر سپورٹس کے صدر محمد عزیز نے بھی شرکت کی۔
ٹورنامنٹ میں خیبر پختونخواہ کے 16 اضلاع سے مختلف ویٹ کیٹیگریز کے مقابلوں میں کھلاڑیوں نے شرکت کی، 6 ویٹ کیٹگریز میں خیبر نے 4 گولڈ، ایک سلور اور ایک براونز مڈل حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
دوسری پوزیشن پر ضلع پشاور اور تیسری پوزیشن پر ضلع مالاکنڈ رہا۔ ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر نور شاہ خان آفریدی نے ٹورنامنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ مہمان خصوصی، تمام اضلاع سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کے بہت شکر گزار ہیں جن کی شرکت نے اس ٹورنامنٹ کو کامیاب بنایا، ”خیبر پختونخواہ جوڈو ایسوسی ایشن اور پاکستان جوڈو فیڈریشن کے مکمل تعاون کی بدولت ہی اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ممکن ہوا۔”
انہوں نے خاص کر پاکستان جوڈو فیڈریشن کے وائس پریزیڈنٹ مسعود احمد کا بہت شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں اور قبائلی عوام کے ساتھ خلوص اور محبت کی وجہ سے اس ٹورنامنٹ کو آرگنائز کرنے میں آسانی رہی جبکہ خود ٹورنامنٹ میں شرکت فرما کر ٹورنامنٹ کو چارچاند لگا دیئے۔