خار سپورٹس کمپلیکس میں پاکستان سپورٹس فیسٹیول کا شاندار آغاز
خار اسپورٹس کمپلیکس میں پاکستان سپورٹس فیسٹیول کا شاندار آغاز، آج یکم فروری 2021 کو قبائلی ضلع باجوڑ کے خار سپورٹس کمپلیکس میں پاکستان سپورٹس فیسٹیول کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر سپورٹس مرج ڈسٹرکٹ خیبر پختونخواہ پیر عبداللہ شاہ تھے جنہوں نے سپورٹس ایونٹ کے انعقاد پر ایف سی نارتھ، سول انتظامیہ اور سپورٹس ایسوسی ایشن باجوڑ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خار، فرنٹیئر کور نارتھ کے نمائندوں کےعلاوہ علاقے کے عمائدین اور تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکاء نے کھیلوں کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے اور کھیل کو فروغ دینے پر ایف سی نارتھ اور سپورٹس انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپورٹس فیسٹیول کے سلسلے میں باجوڑ کی تمام تحصیلوں میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں جس کا آغاز آج خار اسپورٹس کمپلیکس سے کیا گیا۔
اسپورتس فیسٹیول میں کرکٹ، فٹ بال، والی بال، باسکٹ بال، بیڈمنٹن اور ہاکی کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے جبکہ ایونٹ کی اختتامی تقریب 23 مارچ 2021 کو یوم پاکستان پر منعقد کی جائے گی۔
خیال رے کہ قبائلی ضلع خیبر کے نوجوانوں کے لئے بھی فرنٹیئر کور نارتھ اور سول انتظامیہ کی بجانب سے "پاکستان سپورٹس فیسٹیول” کے نام سے کھیلوں کا میگا ایونٹ منعقد کیا جا رہا ہے۔
ایف سی ذرائع کے مطابق فرنٹیئر کور کے پی نارتھ کی جانب سے چھ تحصیلوں میں، جن میں باڑہ، لنڈیکوتل، ملاگوری، جمرود، بازار ذخہ خیل اور تیراہ شامل ہیں، 7 فروری سے جمرود میں مقابلے منعقد ہوں گے، ونر ٹیمیں بعد ازاں ضلع کی سطح پر مدمقابل ہوں گی۔
ان مقابلوں میں پہلے مرحلے میں پانچ گیمز میں، جن میں کرکٹ، والی بال، بیڈمینٹن، فٹبال اور باسکٹ بال شامل ہیں، کے مقابلے ہوں گے جن میں مجموعی طور پر خیبر کے ہزاروں کی تعداد میں کھلاڑی حصہ لیں گے، ونر ٹیموں کو بڑی تعداد میں انعامات دیئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ سپورٹ فیسٹیول ایف سی کے پی نارتھ، سول ابتظامیہ خیبر، محکمہ کھیل اور مقامی سطح پر کھیلوں کی تنظیموں کے زیرنگرانی منعقد کیا جائے گا جس میں ٹیلینڈ کھلاڑیوں کو آگے لایا جا سکے گا جو کہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلوں کیلئے تیار ہو کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔
خواہش مند سپورٹس ٹیمیں اپنی رجسٹریشن سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ کروا کر مقابلوں میں حصہ لے سکتی ہیں، اس فیسٹیول کی گرینڈ سرمنی 7 فروری کو جمرود سپورٹس گراونڈ میں ہو گی جبکہ اختتامی پروگرام 23 مارچ کو جمرود میں ہی ڈھیر سارے انعامات کے ساتھ ہو گا اور کامیاب کھلاڑیوں کو ملکی سطح پر کھیلنے کا موقع دیا جائے گا۔