پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ ہارگیا
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو شکست ہوگئی ہے۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 101 رنزسے ہرایا. میزبان ٹیم نے جیت کیلئے373 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پانچویں روز پاکستان نے تین وکٹ کے نقصان پر71 رنز سے اننگز آگے بڑھائی۔
آخری روز کے دوسرے ہی اوور میں اظہر علی اڑتیس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ چار وکٹیں گرنے کے بعد فواد عالم اور محمد رضوان نے ٹیم کو سہارا دیا اور اسکور آگے بڑھایا۔ قومی بلے باز فواد عالم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیویز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کیرئیر کی سنچری بنائی۔
نیوزی لینڈ کے373رن کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 271 رنزپرآؤٹ ہوگئی۔ فوادعالم کی 11 سال بعد سنچری بھی قومی ٹیم کوشکست سے نہ بچا سکی۔
دوسری اننگز میں فوادعالم 102 رنزبناکرٹاپ سکورر رہے۔ کپتان محمدرضوان 60، اظہرعلی 38، فہیم اشرف 19 رنزپرآؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کو2ٹیسٹ میچزکی سیریزمیں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ تین سو تہتر رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز کا آغاز مایوس کن رہا۔ بغیر کھاتے کھولے ہی پاکستان کی دو وکٹیں گر گئیں۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر شان مسعود اور عابد علی صفر پر آوٹ ہوئے اور حارث سہیل بھی9رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے جس سے نیوزی لینڈ کی پوزیشن مضبوط ہوگئی۔
نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں431 رنز بنائے تھے اور پاکستان نے299 رنز بنائے۔ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹوں پر180 رنز بنا کر دوسری اننگز ڈکلیئر کی۔ نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹام لیتھم نے ایک سو بارہ گیندوں پر 53 رنز بنائے۔ کیوی اوپنر ٹام بلنڈل نے ایک سو سات گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی۔