ضلع خیبر لنڈیکوتل کے کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ نورالحق قادری
لنڈیکوتل کے علاقہ دلخاد میں بسم اللہ میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیرنورالحق قادری تھے
نمائندہ ٹی این این کے مطابق لنڈی کے علاقہ دلخاد میں پہلے بسم اللہ میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیاں خوش آئندہ ہیں، کھیلوں کی سرگرمیاں امن کی نشانی ہے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ ضلع خیبر لنڈیکوتل کے کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، کرکٹ کے میدان ہوں یا فٹ بال کے میدان یہاں کے کھلاڑیوں نے ہمیشہ کی طرح بہتر کارکردگی دکھائی، لنڈی کوتل سے کرکٹ اور فٹ بال کے زیادہ تر کھلاڑیوں نے نیشنل اور انٹر نیشنل سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک اور قوم کا نام روشن کیا ہے جو کہ فخر کا مقام ہے۔
پیر نورالحق قادری نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کی وجہ سے نوجوان منشیات اور دیگر لعنتی نشہ سے بچ سکتے ہیں اس لئے کھیلوں کی سرگرمیاں آنے والی نسلوں کے لئے بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے لنڈی کوتل کے مختلف علاقوں میں سپورٹس گراؤنڈ پر کام جاری ہے جبکہ حمزہ بابا مزار کے ساتھ سپورٹس کمپلیکس کی منظوری بھی ہوئی ہے لیکن زمین کا کچھ مسئلہ ہے اور اس مسئلے کے حل ہونے کے بعد جلد سپورٹس کمپلیکس پر کام شروع ہو جائے گا جس کی وجہ سے علاقے کے کھلاڑیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دلخاد میں سپورٹس گراؤنڈ کی تعمیر کرنے پر کمانڈنٹ خیبر رائفلز کرنل بلال محمود لیفٹیننٹ کرنل ابرار اور دیگر اعلیٰ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے علاقے کے غریب کھلاڑیوں کے لئے ایک چھوٹا سا گراؤنڈ تعمیر کیا، علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے کھلاڑیوں کی ہر ممکن مدد جاری رہے گی تاکہ علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیاں بہتر طریقے سے جاری رہ سکیں۔
اس موقع پر پیر نورالحق قادری نے لنڈی کوتل دلخاد بسم اللہ میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کے آرگنائزر کے لئے 1لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔
تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء حاجی امیر محمد خان آفریدی،جمال آفریدی، سیکرٹری حاجی حمید اللہ آفریدی، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء حاجی ضرب اللہ شینواری اور دیگر مشران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر حاجی ضرب اللہ شینواری عرف حاجی بابا نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری اور دیگر آنے والے تمام مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔