کھیل

پی سی بی نے پی ایس ایل کے بقیہ میچوں کے شیڈول کا اعلان کردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے بقیہ میچوں کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ پی سی بی کے مطابق ایونٹ کے چاروں بقیہ میچز 14، 15اور 17نومبرکو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

14 نومبر کو ایونٹ کا کوالیفائر اور ایلیمنیٹر ون، ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے اور اس کے اگلے روز ایلیمینیٹر ٹو جب کہ فائنل17 نومبر بروز منگل کو ہوگا۔ ایونٹ کے بقیہ میچز کی تاریخوں کو چاروں ٹیموں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اورپشاور زلمی کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے جب کہ میچوں کے آغاز کا وقت بعد میں جاری کیا جائےگا۔

ایونٹ کے بقیہ چاروں میچز کووڈ 19 پروٹوکولز کے تحت کھیلے جائیں گے جہاں تمام کھلاڑی، میچ آفیشلز اور متعلقہ سٹاف بائیو سیکیور ماحول میں رہےگا، فی الحال چاروں میچز بند دروازوں میں کھیلے جانے کاپلان ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ اکتوبر میں ہوگا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق 14نومبربروز ہفتے کو کوالیفائر (ملتان سلطانز بمقابلہ کراچی کنگز) قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا جبکہ  ایلیمینیٹر ون (لاہور قلندرز بمقابلہ پشاور زلمی) بھی اسی روز قذافی سٹیڈیم میں ہی ہوگا۔

15 نومبر بروز اتوار کو ایلیمینیٹر ٹو میں (کوالیفائر ہارنے والی ٹیم بمقابلہ ایلیمینیٹر ون جیتنے والی ٹیم)  مدمقابل ہوں گی جب کہ 17نومبر بروز منگل کو  فائنل قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد نہ صرف تمام قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی بلکہ اب ان میچوں کی تیاری کے لیے تمام ٹیموں کے پاس بھی مناسب وقت موجود ہے۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی شروع سے ہی ان چاروں میچوں کے انعقاد کے لیے پرعزم تھا اور  پی سی بی کے خیال میں پی ایس ایل جیسے ایونٹ کا فاتح ضرور سامنے آنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل 2020 کے بقیہ چاروں میچوں کے انعقاد کااعلان اس بات کی بھی تائید ہےکہ پاکستان کووڈ 19 کی وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا ہے، دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ کے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کا آغاز بھی جلد ہورہا ہے جہاں مختلف ایج گروپس، مینز اور ویمنز کرکٹ کے مقابلوں سمیت زمبابوے اور جنوبی افریقا کے ساتھ ہوم سیریز بھی کھیلی جائیں گی۔

خیال رہے کہ 17 مارچ کو کووڈ 19 کے سبب پی ایس ایل 2020 کو روک دیا گیا تھا جسے اب دوبارہ شروع کیا جارہا ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button