انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں رنز کے پہاڑ دیکھ کر پاکستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی
انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ کے 583 رنز کے جواب میں قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہے اور دوسرے دن کے اختتام پر صرف 24 رنز پر اس کی 3 وکٹیں گرچکی ہیں۔
ساوتھمپٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان جوئے روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 8 وکٹوں کے نقصان پر 583 رنز بناڈالے جس کے بعد انگلینڈ نے اننگز ڈکلیئر کردی۔
انگلینڈ کی جانب سے زیک کرولی 267 اور جوس بٹلر 152 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی، یاسر شاہ اور فواد عالم نے 2، 2 جب کہ نسیم شاہ اور اسد شفیق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم کو پہلا نقصان 6 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب اوپنر شان مسعود4 رنز بنا کر تجربہ کار انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کا شکار بنے۔
ان کے بعد عابد علی اور بابر اعظم بھی بالترتیب ایک اور 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنائے ہیں جب کہ کپتان اظہر علی 4 کے انفرادی اسکور پر وکٹ پر موجود ہیں۔
خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔