کھیل

تیسرا ٹیسٹ: انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر332 رنز بنالیے

پاکستان کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں میزبان انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 332 رنز بناکر پوزیشن مستحکم کرلی۔ ساؤتھمپٹن میں کھیلے جا رہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کے کپتان جوئے روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز روری برنس اور ڈوم سبلے نے کیا تاہم 12 کے مجموعی سکور پر شاہین شاہ آفریدی نے روری برنس کو پویلین کی راہ دکھادی، وہ صرف 6 رنز بناسکے۔ 73 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی دوسری وکٹ گری جب ڈوم سبلے 22 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بنے۔

اس کے بعد کپتان جوئے روٹ 29 اور اولی پوپ صرف 3 رنز بناکر بالترتیب نسیم شاہ اور یاسر شاہ کا نشانہ بن گئے اور یوں انگلینڈ نے 127 رنز پر 4 وکٹیں گنوادیں۔ تاہم پانچویں وکٹ پر جوس بٹلر اور زیک کرولی کے درمیان شاندار 205 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس نے انگلینڈ کو مشکل سے نکال دیا۔

اس دوران زیک کرولی نے پہلے اپنی ففٹی، پھر سنچری اور پھر 150 رنز مکمل کیے جبکہ جوس بٹلر نے بھی نصف سنچری مکمل کی۔ دونوں نے پاکستانی بولرز کی خوب پٹائی کی اور مزید کوئی وکٹ گرنے نہ دی۔

پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنالیے تھے جبکہ زیک کرولی 171 اور جوس بٹلر 87 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔ خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ دوسرے روز کا کھیل آج سہ پہر3 بجے شروع ہوگا۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button