کھیل

دوسرا ٹیسٹ میچ: پاکستان کی آدھی ٹیم 126 رنز پر آؤٹ

 انگلینڈ کیخلاف دوسرے  ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان ٹیم کی بیٹنگ لائن پھر لڑکھراگئی، 11 برس بعد ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فواد عالم صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔

پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ دُرست ثابت نہیں ہوسکا۔پاکستان کی پہلی وکٹ  6 کے مجموعی سکور پر گری جب پہلے ٹیسٹ میں سنچری کرنے والے شان مسعود کے صرف ایک کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔

اس کےبعد کپتان اظہر علی اور عابد علی نے دوسری وکٹ پر 72 رنز کی شراکت قائم کی ، عابد علی نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے مگر پھر بیٹسمین یکے بعد دیگرے آؤٹ ہونے لگے۔ کپتان اظہر علی 20، عابد علی 60، اسد شفیق 5 اور 11 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آنے والے فواد عالم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

خراب روشنی کی وجہ سے پہلے دن کا کھیل جلد ختم کردیا گیا، پاکستان نے 5 وکٹوں پر 126 رنز بنائے تھے جبکہ بابر اعظم 25 اور محمد رضوان 4 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے دو جبکہ اسٹیورٹ براڈ، سیم کرن اور کرس ووکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں ٹاس جیت کر قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا ہم نے یہ محسوس کیا کہ ٹیم میں ایک سپنر کافی ہے لہٰذا شاداب خان کو آرام دیکر فواد عالم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، ذاتی مصروفیات کی وجہ سے نیوزی لینڈ جانے والے بین سٹوکس کی جگہ بلے باز زیک کرولے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ جوفرا آرچر کی جگہ سیم کرن کو موقع فراہم کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button