قبائلی اضلاع

بھرتی نہ پروموشن، کرم کے اساتذہ نے احتجاج کی دھمکی دیدی

ضلع کرم کے اساتذہ نے نئی بھرتیوں اور پرانے اساتذہ کی ترقی رکنے پر احتجاج کی دھمکی دیدی۔

پاراچنار میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر کرم ویلی ٹیچرز ایسوسی ایشن سید زاہد حسین، نائب صدر مجاہد حسین، سابق صدر امجد حسین اور مشتاق حسین نے الزام عائد کیا کہ تمام قبائلی اضلاع میں خالی آسامیوں پر اساتذہ کی تقرریاں ہوئی ہیں مگر ضلع کرم میں ایجوکیشن آفیسر اور عملے کی غفلت اور نااہلی کی وجہ سے اب تک نہ بھرتیاں ہوئی ہیں اور نہ ہی اساتذہ کی پروموشن ہوئی ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ ریکوری کے نام پر اساتذہ سے لاکھوں روپے وصول کئے گئے ہیں اور ٹینڈر میں لاکھوں روپے کا غبن ہوا ہے، اس حوالے سے بھی فوری تحقیقات کی جائیں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایجوکیشن آفس کے بعض اہلکاروں کا ٹینیور پورا جبکہ بعض کا تبادلہ بھی ہوا ہے مگر اس کے باوجود وہ ایجوکیشن آفس پر قبضہ جمائے بیٹھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ کے ساتھ ان کے کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں اور ایک ہفتے میں اساتذہ کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، ”اگر ایک ہفتے میں اساتذہ کے مسائل حل نہ کئے گئے تو ضلع بھر میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔”

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button