پی ایس ایل 2020: ٹکٹوں کی واپسی شروع
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 2020 کے 10 میچوں کی ٹکٹوں کی واپسی کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ 2 مرحلوں پر مشتمل ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا یہ عمل پیر سے شروع ہوگا، پہلا مرحلہ 13 جولائی سے 5 اگست تک جاری رہے گا جس میں کووڈ-19 کے سبب بند دروازوں میں کھیلے گئے 5 گروپ میچز اور 29 فروری کو راولپنڈی میں بارش کی نذر ہونے والے میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی۔
ری فنڈنگ کا دوسرا مرحلہ 6 سے 29 اگست تک جاری رہے گا جہاں لیگ کے ابتدائی شیڈول میں شامل کوالیفائر، 2 ایلیمنٹر اور فائنل میچ کی ٹکٹیں شامل تھیں۔
ٹکٹوں کی واپسی کا یہ عمل ملک بھر کے 27 مختلف شہروں کے مخصوص کورئیر مراکز پر ہوگا، اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے علاوہ چکوال، حیدرآباد، وہاڑی، گجرانوالہ، بھکر، ڈیرہ غازی، سکھر، لودھراں اور وہاڑی وغیرہ بھی شامل ہیں۔
صارفین کو ٹکٹوں کے پیسوں کی واپسی کے لیے ایونٹ کے لیے خریدی گئی اپنی اصلی ٹکٹ ان مخصوص کورئیر مراکز میں جمع کرانا ہوگی۔ پی ایس ایل کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید کا کہنا ہے کہ بلاشبہ ایونٹ کی ٹکٹوں کی واپسی کا عمل کچھ تاخیر کا شکار ہوا تاہم امید ہے کہ تمام مداح بخوبی جانتے ہیں کہ کووڈ-19 کے سبب ہم ہر ممکنہ صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہ تمام شائقین سے حکومتی ہدایات برائے کووڈ-19 پر مکمل عمل کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔
شعیب نوید کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 2020 ایک کامیاب ایونٹ رہا جہاں مجموعی طورپر 5 لاکھ جوشیلے مداحوں نے میچز دیکھنے کے لیے سٹیڈیم کا رخ کیا، اب پی سی بی اور تمام فرنچائزز پرامید ہیں کہ لیگ کے بقیہ میچز کو 2020 میں ہی ری شیڈول کرلیا جائے گا۔