خیبر پختونخووا، انڈر 21 (U-21) گیمز کی حتمی تاریخوں کی منظوری
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں انڈ ر 21 (U-21) گیمز کی حتمی تاریخوں کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں کھیلوں کے مقابلے 6 مارچ سے شروع ہو رہے ہیں جبکہ انڈر 21 گیمز کا باقاعدہ افتتاح 8 مارچ سے کیا جائے گا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کی آمد بھی متوقع ہے۔
پراونشل راؤنڈ میں انٹر ڈسٹرکٹ گیمز مقابلے 6 مارچ سے 10 مارچ تک منعقد کئے جائیں گے جن میں والی بال، اتھلیٹکیس، ٹگ آف وار، فٹبال، کبڈی، بیڈمنٹن وغیرہ کھیل شامل ہیں جن میں کل 2940 کھلاڑی صوبے کے مختلف اضلاع سے حصہ لیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ پراونشل راؤنڈ میں انٹر ریجنل گیمز مقابلے بھی 6 مارچ سے 10 مارچ تک منعقد کئے جائیں گے جس میں خیبرپختونخوا کے سات ڈویژنز کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔
انٹر ریجنل گیمز میں مرد اور خواتین کھلاڑی بیس بال، ہینڈ بال، لان ٹینس، سکواش، باکسنگ، باسکٹ بال، ہینڈ بال، تائیکوانڈو، جوڈو، اوشو، ہاکی، سنوکر، سائیکلنگ و دیگر مقابلوں میں حصہ لیں گے، کل 1743 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں 994 مرد اور 749 خواتین کھلاڑی شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹر ریجنل مقابلے پشاور میں منعقد کئے جائیں گے جس کے لئے صوبائی حکومت نے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد خیبرپختونخوا میں دیرپا امن کا ثبوت ہے اور موجودہ صوبائی حکومت کیلئے فخر کا باعث ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں خیبر پختونخوا انڈر 21 گیمز 2020 کے انعقاد اور انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر، انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخواثناء اﷲ عباسی ،پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہا ب علی شاہ، سیکرٹری ریلیف عابد مجید، سیکرٹری ہیلتھ، سیکرٹری سپورٹس، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس، ہیڈکوارٹر 11 کے نمائندے، ڈی جی ریسکیو 1122 و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو انڈر 21 گیمز کے انعقاد، انتظامات، سہولیات و دیگر اُمور پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی جن میں کھیلوں کی کیٹگریز، شیڈول، ونیوز، رکھلاڑیوں کی رہائش کیلئے منصوبہ بندی، ٹرانسپورٹیشن، افتتاحی اور اختتامی تقاریب شامل ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ انڈر 21 گیمز کے دوسرے رائونڈ میںانٹر ڈسٹرکٹ گیمز جن میں ہاکی، ٹیبل ٹینس، جوڈو کراٹے، تائیکوانڈو، ریسلنگ، ولی بال، اتھلیٹکس و دیگر مقابلے شامل ہوں گے۔
دوسرے راؤنڈ کا انعقاد 15 اپریل سے 18 اپریل 2020 تک کیا جائے گا۔،مقابلوں میں کل 6825 کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں 3955 مرد کھلاڑی جبکہ 2870 خواتین کھلاڑی شامل ہوں گے۔ دوسرے رائونڈ کیلئے کھلاڑیوں کا اوپن ٹرائل 2 اپریل سے 10 اپریل تک مکمل کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ کھلاڑیوں کیلئے گیمز وینوز میں حیات آباد سپورٹس کمپلیکس، پشاور سپورٹس کمپلیکس ، ارینہ ہال ، اتھیلٹک گراؤنڈ پشاور یونیورسٹی، جے کے ڈی یونیورسٹی ٹاؤن، گورنمنٹ کالج پشاور، نادرن بائی پاس پشاور، گرین ہوٹل صدر کینٹ پشاور اور نشتر ہال پشاور شامل ہیں جہاں پر خواتین گیمز کے مختلف مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔
اسی طرح مرد کھلاڑیوں کیلئے پشاور میں رہائش بارے بھی تفصیلاً بتایا گیا۔ پشاور کے مختلف ہوٹلوں میں ریجنل، ڈسٹرکٹ ٹیمز کیلئے رہائش کے لئے تمام تر انتظامات اور ہوٹلوں کی بکنگ مکمل کی گئی ہے۔ اسی طرح خواتین کھلاڑیوں کیلئے رہائشی کمیٹی کے ذریعے ٹیموں کی رہائش کیلئے بھی تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ انڈر 21 گیمز ٹرانسپورٹیشن کمیٹی کھلاڑیوں کی ٹرانسپورٹیشن یقینی بنائے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ انڈر 21 گیمز کی افتتاحی تقریب 8 مارچ 2020 کو قیوم سٹیڈیم پشاور میں منعقد کی جائے گی جس کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
اسی طرح 10 مارچ 2020 کو اختتامی تقریب انعقاد بھی قیوم سٹیڈیم پشاور میں کیا جائے گا۔
اس مو قع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے شعبے میں کافی پوٹینشل موجود ہے، صوبائی حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے، انڈر 21 گیمز کے انعقاد کیلئے صوبائی حکومت تمام تر تعاون فراہم کر رہی ہے۔