کھیل

پی ایس ایل فائیو، کراچی کنگز فاتح زلمی کو دس رنز سے شکست

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو دس رنز سے شکست دیدی۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز کے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز ہی بنا سکی۔

ماقبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرین سیمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی، کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابراعظم نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا تاہم شرجیل 11 گیندوں پر 19 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد کیمرون ڈیلپورٹ 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کے کپتان اور کراچی کنگز کے اوپننگ بلے باز بابراعظم شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 56 گیندوں پر 78 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے بھی نصف سنچری سکور کی، وہ 30 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، افتخار احمد نے آخری اوور میں 3 گیندوں پر 16 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

حسن علی کے پہلے ہی اوور میں پشاور زلمی کے شعیب ملک نے شرجیل خان کو رن آؤٹ کا سنہرا موقع گنوا دیا۔ اس وقت شرجیل خان نے کوئی سکور نہیں بنایا تھا، پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 2 اور محمد محسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور بینٹون نے کیا، کامران اکمل نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا 43 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ون ڈاؤن آنے والے حیدر علی صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے تو شعیب ملک 16 رنز پر رن آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک کے آؤٹ ہونے کے بعد لیونگ سٹون نے  پشاور زلمی کی ٹیم کو سنبھالا اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 54 رنز بنائے جب کہ زلمی کے کپتان ڈیرن سمی نے لیونگ سٹون کا بھرپور ساتھ دیا اور 30 رنز کی اننگز کھیلی تاہم پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 191 رنز ہی بناسکی۔

پشاور کی جانب سے لائم لونگسٹون نے سب سے زیادہ 54 رنز بنائے جبکہ کراچی کی جانب سے کرس جارڈن اور عمید آصف نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

یہ بھی پڑھیں:

عمر اکمل پی ایس ایل سے باہر کیوں؟

پشاور زلمی کا آفیشل ترانہ جاری

ڈیرن سیمی کو پشاوری چپل کے بعد کرتہ چاہیے

پاکستان سپر لیگ فائیو میں مقابلوں کا آغاز جمعرات کی شب نیشنل سٹیڈیم میں ہی ایک رنگارنگ افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین میچ سے ہوا تھا جو کوئٹہ نے باآسانی تین وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

خیال رہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم ایک مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیت چکی ہے تاہم کراچی تاحال ٹرافی اٹھانے سے محروم رہی ہے اور اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے 10 مقابلوں میں پشاور کا پلڑہ بھاری رہا ہے۔ کراچی نے صرف دو جبکہ پشاور نے آٹھ میچوں میں فتح حاصل کی ہے۔

https://twitter.com/KarachiKingsARY/status/1230824625220792323

یہ بھی واضح رہے کہ پی ایس ایل کا یہ ایڈیشن اس لیے بھی خاص ہے کہ لیگ کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اس کے تمام میچ پاکستان کے چار شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button