کورونا کھیلوں پر بھی اثرانداز، چینی جمناسٹکس ٹیم ورلڈکپ سے باہر
آسٹریلوی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس پر قابو پانے کی غرض سے عائد کی گئی سفری پابندیوں کی وجہ سے چین کی جمناسٹکس ٹیم آئندہ ہفتے میلبورن میں ہونے والے ورلڈ کپ جمناسٹکس 2020 میں شرکت نہیں کرسکے گی۔
خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق چین سے آنے والے غیرملکی شہریوں پر فروری کے آغاز میں پابندی لگائی گئی تھی جس میں 2 روز قبل مزید ایک ہفتے کے لیے توسیع کردی گئی۔
جمناسٹکس آسٹریلیا کی چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) کیٹی چلر نے کہا کہ ’ یہ چند ہفتے ہم سب کے لے بہت چیلنجنگ رہے ہیں لیکن چینی جمناسٹس اور حکام سے زیادہ نہیں جو میلبورن آنے کی تیاریاں کررہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ میں چائنیز جمناسٹکس ایسوسی ایشن اور اس کے صدر سے رابطے میں ہوں جو مجھے آگاہ کرتے رہے ہیں کہ ان کا پورا وفد ٹھیک ہے اور ان میں انفیکشن کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، اس کے باوجود ہم سب کو آسٹریلوی حکومت کی سفری پابندیوں کا احترام کرنا ہے۔
ورلڈ کپ کی ویب سائٹ پر جاری فہرست میں شامل 12 چینی شہریوں میں چار مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرنے والے ژانگ چینگ لانگ بھی شامل ہیں جنہوں نے2012 لندن اولمپکس میں سونے کا تمغہ اور ریو گیمز میں کانسی کا تمغہ بھی جیتا تھا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس سے اب تک 15 سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے اکثر کا تعلق چین کے وسطی صوبے ہوبے سے ہے جبکہ وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 66 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔