لنڈیکوتل، آل پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن سالانہ سپورٹس گالا اختتام پذیر
پوسٹ گریجویٹ کالج لنڈی کوتل ضلع خیبر میں آل پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن سالانہ سپورٹس گالا کے احتتام پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینیٹر الحاج تاج محمد آفریدی، ایم پی اے شفیق شیر، کالج کے پرنسپل شیر بہادر، بازار تاجر یونین کے صدر جعفر شینواری، خیبر سپورٹس کلب کے چیرمین معراج الدین شینواری، مرستہ ویلفیئر ٹرسٹ کے حاجی الیاس، قاری عمر آیاز، سرتاج اور فلاحی تنظیم کے حاجی بنارس، آختر علی شینواری، قبائیلی عمائدین، سکول اساتذہ کرام اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں طلبہ نے مختلف قسم کے ملی نغمے پیش کئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سینیٹر الحاج تاج محمد آفریدی نے کہا کہ قبائلی طلباء میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، قبائیلی کھلاڑیوں نے ہمیشہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر علاقے کا نام روشن کیا ہے۔
انہوں نے علاقے میں تعلیم عام کرنے اور علاقے کی اصل خدمت کرنے کے سلسلے میں پرائیویٹ سکولز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقے میں تعلیم عام کرنے اور علاقے میں اصلی معنوں میں خدمت کے لئے کوشاں ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آل پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد اقبال آفریدی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کے پروگرامات انعقاد کا بنیادی مقصد طلباء کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلباء کے لئے غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینا انتہائی ضروری ہے، علاقے کی خدمت جاری رکھیں گے۔
آخر میں سپورٹس گالا کی رنر اپ ٹیم المدینہ ماڈل سکول اور ونرز ٹیموں میں خوشحال پبلک سکول، شینواری پبلک سکول، تاتارہ پبلک سکول اور ٹورنمنٹ کی بیسٹ کریکٹر ٹرافی گرائمر ہاؤس پبلک سکول کو دی گئی۔