کھیل

پنڈی ٹیسٹ، نسیم شاہ ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین باؤلر بن گئے

راولپنڈی میں جاری ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی کامیابی کے امکانات روشن ہو گئے، پاکستان کے 445 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی مشکلات کا شکار ہے۔

راولپنڈی میں بنگلا دیش کے خلاف کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیش کو پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے 80 سے زائد رنز درکار ہیں جبکہ کھیل کے اختتام تک بنگلادیش کی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور کریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 4 وکٹیں جبکہ یاسر شاہ نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

قبل ازیں پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز کے ساتھ کیا تو بابر اعظم 143 اور اسد شفیق 60 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے تاہم کھیل کے آغاز پر ہی پاکستان کو بابراعظم کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا، وہ اپنے گزشتہ روز کے سکور 143 رنز میں کوئی اضافہ نہ کرسکے۔

355 رنز پر اسد شفیق بھی آؤٹ گئے، انہوں نے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی چھٹی وکٹ 374 رنز پر گری جب محمد رضوان 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

415 رنز پر پاکستان کی ساتویں وکٹ یاسر شاہ کی صورت میں گری، وہ صرف 5 رنز ہی بنا سکے۔ 422 رنز پر پاکستان کی آٹھویں وکٹ  گری جب شاہین شاہ آفریدی 3رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

442 رنز پر پاکستان کی نویں وکٹ گری، حارث سہیل 75 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ 445 رنز پر پاکستان کی پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

بنگلا دیش کی جانب سے  روبیل حسین اور ابو جائید نے 3 ،3، تیج الاسلام نے 2 جبکہ عبادت حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 233 اور پاکستان کی ٹیم 445 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button