کھیل

شان مسعود اور بابراعظم کی سنچریاں، راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم

راولپنڈی ٹیسٹ میں شان مسعود اور بابر اعظم کی سنچریوں کی بدولت قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے اننگز میں 109 رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ سات وکٹیں ابھی بھی باقی ہیں۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے بنگہ دیش کے 233 رنز کے جواب میں تین وکٹوں کے نقصان پر342 رنز بنائے ہیں۔ کریز پر بابر اعظم 143 اور اسد شفیق 60 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔

گزشتہ روز مہمان ٹیم صرف 233 رنز بناکر آوٹ ہوگئی تھی جس میں سب سے زیادہ محمد متھون نے 63 جبکہ نجم الحسین نے 44 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ نے چار، محمد عباس اور حارث سہیل دو،دو جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔ یاسر شاہ ایک پھر 22 اوور پھینکنے کے باوجود وکٹ لینے میں ناکام رہے ہیں۔

پاکستانی اننگز کے آغآز میں اوپنر عابد علی بغیر کھاتہ کھولے ابوجاید کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔ بعد میں کپتان اظہرعلی نے شان مسعود کے ساتھ ٹیم کو کچھ سنبھالا لیکن 93 کے مجموعی سکور پر اظہر علی بھی 34 رنز بناکر ابوجاید کا نشانہ بنے۔

کپتان کے جانے کے بعد بابراعظم کریز پر آئے اور دونوں بیٹسمینوں نے گراونڈ کے چارو جانب خوبصورت شارٹس کھیلیں۔ پاکستان کے آخری آوٹ ہونے والے بیٹسمین شان مسعود تھے جو کے سنچری سکور کرنے کے بعد فوری آوٹ ہوگئے۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم تقریباً 17 برس بعد پاک سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے، اس سے قبل 2003 میں مہمان ٹیم ٹیسٹ میچز کھیلنے پاکستان آئی تھی۔

پاکستان نے 2003 میں کھیلی گئی سیریز میں بنگلہ دیش کو 0-3 سے شکست دی تھی۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز طے تھی لیکن مہمان ٹیم نے اپنے دورے پاکستان کو 3 حصوں میں تقسیم کیا تھا کیونکہ وہ سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے پاکستان میں زیادہ دیر قیام نہیں کرنا چاہتی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ ماہ کھیلی گئی 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 0-2 سے شکست دی تھی جبکہ تیسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button