کھیل

پاکستان کا بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ

پاکستان نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلا دیش کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ اظہر علی کا کہنا تھا بنگلا دیش کو کم سے کم رنز پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے اور ہمارے فاسٹ بولر اہم کردار ادا کریں گے۔
قومی ٹیم میں اظہر علی کے علاوہ شان مسعود، عابد علی، بابر اعظم، حارث سہیل، اسد شفیق، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔
پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد بنگلادیشی ٹیم واپس وطن لوٹ جائے گی اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اپریل تک کراچی میں ہی ہوگا۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں پرمشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کھیلی جاچکی ہے جو پاکستان دو-صفر سے اپنے نام کرچکی ہے۔ پہلے میچ میں قومی ٹیم نے مہمان ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرا میچ 9 وکٹوں سے باآسانی اپنے نام کیا تھا جبکہ تیسرا میچ بارش کی نذر ہوا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button