کھیل

پی سی بی نے بنگلادیش کے خلاف سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قمیتیں مقرر کردی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت اور ان کی مالیت کے حوالے سے تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ سیریز میں شامل تین ٹی ٹونٹی میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوں گے جب کہ پہلا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سیریز کے تین ٹی ٹوئنٹی اور ایک ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے عوام خاص طور پر فیملیز کی سہولت اور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ سیریز کے لیے ٹکٹوں کے نرخ کم کر دیئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ 18 جنوری کو صبح 10 بجے سے شروع ہو گی، شائقین کرکٹ ڈبلیوڈبلیوڈبلیوڈاٹ وائے اے وائے وی او ڈاٹ کام سے ٹکٹ آن لائن بک کراسکتے ہیں تاہم ٹی سی ایس کے مقررہ کردہ سینٹرز سے ٹکٹوں کی فروخت 21 جنوری کو صبح 9 بجے سے شروع ہو گی۔
تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے انضمام الحق، نذر، قائد، امتیاز احمد، ظہیر عباس، حنیف محمد، ماجد خان، عبدالقادر، سعید احمد اور سرفراز نواز انکلوژرز کے ٹکٹ 500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ ان میچز میں اے ایچ کاردار، راجاز، جاوید میانداد اور سعید انور انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 1000 روپے مقرر کی گئی ہے جو سری لنکا کے خلاف سیریز میں 1500 روپے تھی۔
پی سی بی کے مطابق آئندہ سیریز میں عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز کے ٹکٹ 2000 روپے میں فروخت ہوں گے، گزشتہ سیریز میں ان انکلوژرز کے ٹکٹ 3000 روپے میں دستیاب تھے۔
سری لنکا کے خلاف سیریز میں وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژرز کا 5000 روپے میں فروخت ہونے والا ٹکٹ بنگلا دیش سیریز میں 4000 روپے میں دستیاب ہو گا۔
ٹیسٹ سیریز کے راولپنڈی میں شیڈول پہلے میچ کے لیے اظہر محمود، عمران خان، جاوید اختر اور جاوید میانداد انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 100 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس میچ کے لیے میران بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات انکلوژرز کے ٹکٹ 50 روپے میں دستیاب ہوں گے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل تمام میچز دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوں گے۔ پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق سیریز میں شامل پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا جب کہ واحد ایک روزہ اور دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی مکمل تفصیلات بھی بعد میں جاری کی جائیں گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button