تعلیمخیبر پختونخواسیاستعوام کی آواز

پشاور یونیورسٹی کے شعبہ صحافت کو ارشد شریف کے نام سے منسوب کرنے کی مذمت

مینا خان آفریدی فوری طور پر فیصلے کو واپس لے، شمیم شاھد کی اپیل

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے صدر شمیم شاہد نے خیبر پختونخوا کی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کی جانب سے پشاور یونیورسٹی کے شعبہ صحافت کو ارشد شریف کے نام سے منسوب کرنے کے فیصلے کو غیر منطقی قرار دے دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کرانے کی بجائے محض ایسے اعلانات کرنا حقیقت سے فرار کے مترادف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کے صحافی اس فیصلے کی بھرپور مخالفت کریں گے اور کسی بھی قیمت پر اسے لاگو نہیں ہونے دیں گے۔

شمیم شاہد نے تجویز دی کہ اگر صوبائی حکومت واقعی ارشد شریف کی خدمات کو تسلیم کرتی ہے تو ان کے نام پر ایک نیا تعلیمی ادارہ یا منصوبہ شروع کیا جائے، جس کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ پشاور یونیورسٹی کے شعبہ صحافت کے قیام و ترقی میں کئی نامور اساتذہ اور صحافیوں کا کلیدی کردار رہا ہے، جن کی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اگر کسی کے نام سے یہ شعبہ منسوب کرنا ہے تو انہی شخصیات میں سے کسی کو چننا زیادہ مناسب ہوگا۔

شمیم شاہد نے یاد دلایا کہ پشاور یونیورسٹی سے منسلک شخصیات میں پروفیسر عبدالہاشم خان، خان عبدالعلی خان، پروفیسر پریشان خٹک اور دیگر کے علاوہ پشاور یونیورسٹی کے شعبہ صحافت کے قیام و ترقی میں اقتدار علی مظہر، ثناء اللہ خان اور ڈاکٹر شاہجہان جیسی شخصیات نمایاں ہیں۔ اسی طرح مرحوم رحیم اللہ یوسفزئی کا نام نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی صحافت میں سورج کی طرح روشن ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کی آڑ میں خیبر پختونخوا کے طول و عرض سے تعلق رکھنے والے پچاس سے زائد صحافی دہشت گردوں نے اس لئے قتل کئے تھے کہ وہ کسی سیاسی مقصد کے لئے نہیں قیام امن کے لئے آواز بلند کر دیتے تھے۔ اگر میناخان آفریدی کو تعلیمی ماہرین، اساتذہ کرام اور صحافیوں کی قربانیوں اور کوششوں کا اتنا خیال ہے تو شعبہ صحافت کو اسی دھرتی کے انہی فرزندان میں سے کسی کے نام کردینا چاہیئے تھا ۔

شمیم شاہد نے صوبائی وزیر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس فیصلے کو واپس لیں، بصورت دیگر عید الفطر کے بعد صحافتی برادری، طلبہ اور دیگر صحافتی تنظیموں کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button