وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گرفتاری معاملہ،علی امین گنڈا پور نے پشاور ہائیکورٹ میں راہداری ضمانت کیلئے درخواست جمع کرادی
اسلام آباد عدالت سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پشاور ہائیکورٹ میں راہداری ضمانت کیلئے درخواست جمع کرادی درخواست آج سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کر دی گئی ہیں۔
اسلام آباد پولیس کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری موصول ہو گئے ہیں۔ یہ وارنٹ شراب و اسلحہ برآمدگی کے کیس میں جاری کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ بہارہ کہو پولیس کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی فوری گرفتاری کا حکم دیا گیا ہے۔ وارنٹ گرفتاری میں علی امین گنڈاپور کے ڈی آئی خان کے گھر کا پتہ بھی درج ہے۔ اسلام آباد پولیس نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور کو بھی وارنٹ گرفتاری سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے علی امین گنڈاپور کی طبی بنیادوں پر حاضری سے معافی کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ عدالت نے اس کیس میں ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ عدالت نے ایس ایچ او تھانہ بہارہ کہو کو ہدایت کی ہے کہ علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔