شیر افضل مروت نے افسران پر حملہ کیا اور ان کو زخمی کر دیا،اسلام آباد پولیس
اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت کو گرفتار کیا گیا، تاہم بعد میں انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔ پولیس نے الزام عائد کیا ہے کہ شیر افضل مروت نے افسران پر حملہ کیا اور ان کو زخمی کر دیا، ساتھ ہی پولیس افسر کی وردی بھی پھاڑ دی۔
شیر افضل مروت نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے اسلحے کے ساتھ ان پر حملہ کیا۔ انہوں نے کارکنان کو احتجاج کی کال بھی دی۔
پولیس کی بھاری نفری نے شیر افضل مروت کو حراست میں لے کر تھانہ گولڑہ منتقل کیا۔ ان کی گرفتاری کی تصدیق بعد میں ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی۔ بعد ازاں، پولیس ترجمان نے بتایا کہ شیر افضل مروت کو انتشار نہ پھیلانے کی یقین دہانی پر رہا کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آج پاکستان تحریک انصاف کے کارکن ترنول میں ہونے والے جلسے میں شرکت کے لیے پہنچے، تاہم اطلاع ملی کہ لوگوں کو ایکسپریس چوک سے گرفتار کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے آج اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا تھا۔