کابینہ میں قلمدان تقسیم، ارشد ایوب وزیر بلدیات بن گئے
محمد فہیم
خیبر پختونخوا حکومت نے کابینہ میں شامل ممبران ، مشیر اور معاونین خصوصی کو قلمدان سونپ دیے۔ محکمہ بلدیات کا قلمدان ارشد ایوب، ہاﺅسنگ کا قلمدان امجد علی، صحت کا قلمدان سید قاسم علی شاہ جبکہ اطلاعات کا قلمدان محمد علی سیف کو دیدیا گیا۔ محکمہ انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 15 وزراء میں ارشد ایوب کو محکمہ بلدیات، شکیل احمد کو مواصلات و تعمیرات، فضل حکیم کو جنگلات ماحولیات و جنگلی حیات، مینا خان کو اعلیٰ تعلیم ،عدنان قادری کو حج اوقاف، عاقب اللہ کو آبپاشی، محمد سجاد کو زراعت، فضل شکور خان کو محنت، نذیر احمد عباسی کو مال، پختون یار کو آبنوشی، آفتاب عالم کو قانون، خلیق الرحمن کو ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، سید قاسم علی شاہ کو صحت، فیصل ترکئی کو ابتدائی و ثانوی تعلیم ، ظاہر شاہ طورو کو خوراک کا قلمدان دیا گیا ہے۔
محکمہ انتظامیہ کے ایک اور اعلامیہ میں 5مشیروں کو بھی قلمدان سونپے گئے ہیں جن میں سید فخر جہاں کو کھیل و امور نوجوانان، مزمل اسلم کو محکمہ خزانہ ، محمد علی سیف کا اطلاعات ، مشال یوسفزئی کو سماجی بہبود و ترقی نسواں اور زاہد چن زیب کو ثقافت سیاحت و آثار قدیمہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔ 4 معاونین خصوصی کو بھی قلمدان سونپ دئے گئے ہیں جن میں خالد لطیف کو سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، عبدالکریم تورڈھیر کو صنعت و حرفت، لیاقت علی کو بہبود آبادی اور امجد علی کا ہاﺅسنگ کا محکمہ دیا گیا ہے۔
10 اہم محکموں کے قلمدان وزیر اعلیٰ کے پاس رہیں گے
خیبر پختونخوا حکومت نے کابینہ ممبران، وزیر اعلیٰ کے مشیر اور معاونین کو 24 محکموں کے قلمدان سونپ دئے جبکہ 10محکموں کے قلمدان وزیر اعلی کے پاس ہونگے۔ محکمہ انتظامیہ کی جانب سے جار ی اعلامیہ کے مطابق 15وزراء، 5مشیر اور 4معاونین خصوصی کو قلمدان سونپ دئے گئے ہیں۔ تمام ممبران کو ایک ایک محکمے کا قلمدان دیا گیا ہے۔ جن محکموں کے قلمدان کسی بھی وزیر، مشیر یا معاون خصوصی کو نہیں دئے گئے وہ وزیر اعلیٰ کے پاس رہیں گے۔ ان محکموں میں محکمہ داخلہ، ترقی و منصوبہ بندی، لائیوسٹاک و ماہی پروری، توانائی و برقیات، بین الصوبائی رابطہ، معدنیات، بحالی و آبادکاری، ٹرانسپورٹ، ایڈمنسٹریشن اورسٹبشلمنٹ شامل ہے۔
صحت کارڈ بحالی اور رمضان پیکیج فراہمی کیلئے کابینہ کا پہلا اجلاس طلب
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس جمعہ کے روز صبح 11 بجے طلب کرلیا۔ اجلاس کیلئے تین نکاتی ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کابینہ اجلاس کی صدارت کرینگے جبکہ تمام کابینہ ممبران کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ مشیر اور معاونین خصوصی بھی اجلاس میں شرکت کرینگے۔ کیبٹ ونگ محکمہ انتظامیہ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری ایجنڈے کے مطابق تین امور پر بحث کی جائیگی جس میں صحت کارڈ، احساس پیکیج اور وزراءاعلی کو فراہم کردہ اضافہ سہولیات پر بحث ہوگی۔ ذرائع کے مطابق صحت کارڈ کو دوبارہ سے بحال کرتے ہوئے اس کا دائرہ اختیار صوبہ بھر میں پھیلانے کی منظوری دی جائیگی۔ اسی طرح رمضان المبارک میں مستحق خاندانوں کو نقد امداد کی فراہمی کی منظوری بھی صوبائی کابینہ سے لی جائیگی جبکہ سابق اور موجودہ وزیر اعلیٰ سمیت نگران وزراءاعلی کو فراہم اضافی سہولیات بھی واپس لینے سے متعلق کابینہ میں فیصلہ کیاجائیگا۔