خیبرپختونخوا، نئی کابینہ میں شامل ہونے والے کئی مضبوط امیدواروں کے نام سامنے آگئے
سید ذیشان کاکاخیل
خیبرپختونخوا کی نئی کابینہ میں شامل ہونے والے کئی مضبوط امیدواروں کے نام سامنے آگئے ہیں۔ کابینہ میں کچھ نئے تو کچھ پرانے چہروں کو شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان تحریک انصاف ذرائع کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے عاقب اللہ کو خیبرپختونخوا اسمبلی کا اسپیکر نامزد کرنے کے اعلان کے بعد مشتاق غنی کو اب بطور سئنیر صوبائی وزیر کی ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔
مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے بابر سلیم سواتی کو بطور ڈپٹی اسپیکر تعینات کئے جانے کا امکان ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق کابینہ ممبران میں سابق صوبائی وزیر اکبر ایوب کا نام بھی شامل ہوسکتا ہے۔ امجد علی بھی کابینہ کا حصہ بننے کے لیے ایک مضبوط امیدوار ہے۔ اسی طرح دیر سے تعلق رکھنے والے شفیع اللہ، باجوڑ سے تعلق رکھنے والے انور زیب، ملاکنڈ سے شکیل احمد بھی کابینہ کا حصہ بن سکتے ہے کیونکہ ان کا شمار مضبوط امیدواروں میں کیا جاتا ہے۔
ضلع مردان سے تعلق رکھنے والے ظاہر شاہ طورو کو بھی کابینہ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ چارسدہ سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزیر فضل شکور کا نام بھی ممکنہ کابینہ ممبران میں شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق پشاور سے نو منتخب ایم پی ایز مینہ خان اور قاسم علی شاہ کو بھی کابینہ میں اہم ذمہ داریاں دی جاسکتی ہے۔ نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے سابق مرحوم وزیر کے بیٹے میاں عمر کا نام بھی کابینہ ممبران میں شامل کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، اسی طرح نوشہرہ ہی سے خلیق الرحمان کو بھی کوئی ذمہ داری دی جانے کا بتایا جارہا ہے۔