سیاست

خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ خواجہ سرا نے انتخابات میں حصہ لے کر تاریخ رقم کردی

 

خالدہ نیاز

خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ ایک خواجہ سراء نے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔ پشاور سے تعلق رکھنے والی خواجہ سراء صوبیا خان نے آج بروز بدھ  اپنے کاغذات کوہاٹ روڈ میں اسسٹنٹ کمشنر سید احسن علی شاہ کے دفتر میں جمع کرائے۔

صوبیا خان نے حلقہ پی کے 81 سے صوبائی سیٹ پر آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ صوبیا خان کا کہنا ہے کہ وہ انتخابات جیت کر خواجہ سراء کمیونٹی کے حقوق کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انکی کمیونٹی خواجہ سراوں کی بات کو کوئی نہیں سنتا اور نہ ہی کوئی انکے حق کے لیے آواز اٹھاتا ہے وہ چاہتی ہیں کہ انتخابات جیت کر خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے کام کریں۔

ٹی این این سے بات کرتے ہوئے صوبیا خان نے کہا کہ وہ نہ صرف خواجہ سراؤں کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں بلکہ وہ اس سوچ کو بھی تبدیل کرنا چاہتی ہیں کہ خواجہ سراء معاشرے میں فلاح و بہبود کے لیے کام نہیں کرسکتے ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ حلقے کی خواتین اور بچوں کے حقوق کے لیے بھی کام کریں اور لوگوں کو بتادیں کہ خواجہ سراء بھی کسی سے کم نہیں ہے بس انکے پاس اختیارات نہیں ہے۔ اگر انکو اختیارات مل جائے تو وہ لوگوں کی بہتری کے لیے کام کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انکے گھر والے انکو سپورٹ کررہے ہیں جبکہ علاقے کے لوگ بھی انکو سپورٹ کررہے ہیں۔ صوبیا خان کہتی ہیں کہ وہ غیر سرکاری تنظیموں اور سوشل ویلفیئر سے درخواست کریں گی کہ وہ انکے انتخابی مہم کو سپورٹ کریں جبکہ ضلعی انتظامیہ سے بھی درخواست کریں گی کہ اس دوران انکو سکیورٹی فراہم کی جائے کیونکہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کوئی خواجہ سرا انتخابات میں براہ راست حصہ لے رہا ہے۔

صوبیا خان کہتی ہیں کہ وہ علاقے میں ڈور ٹو ڈور جاکر انتخابی مہم چلائیں گی اور مردوں کے علاوہ علاقے کی خواتین سے بھی ملیں گی کہ وہ انکو سپورٹ کریں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سید احسن علی شاہ کی تعریف کی کیونکہ انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت انکی کافی حوصلہ افزائی کی۔

صوبیا خان کہتی ہیں کہ خواجہ سراؤں کے لیے علیحدہ سیٹ نہ ہونے کہ وجہ سے انہوں نے جنرل سیٹ پر کاغذات جمع کرائے۔ یاد رہے صوبیا خان ضلع پشاور سے تعلق رکھتی ہیں۔ انہوں نے بی اے کر رکھا ہے اور انکو خیبرپختونخوا کی پہلی خواجہ سراء براڈ کاسٹر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ وہ ٹی این این کے ساتھ میزبان کے طور پر کام کررہی ہیں۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button