جرائم

مردان میں بیوی نے شوہر کو ٹکڑے ٹکڑے کرکے لاش جلا ڈالی

 

عبدالستار

مردان میں گھر لیٹ آنے پر بیوی نے اپنے بیٹے ،بہو اور بھائی کی مدد سے شوہر کو ٹکڑے ٹکڑے کرکے لاش جلادی۔ پولیس تھانہ صدر کی حدود میں علاقہ میروس میں گزشتہ روز اس واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب مقتول کی بیوی نے پولیس چوکی فضل حق میں اپنے شوہر کی گھر سے غائب ہونے کی شکایت درج کی۔

اس حوالے سے پولیس چوکی فضل حق کے انچارج اسسٹنٹ سب انسپیکٹرتاج الاسلام نے ٹی این این کو بتایا کہ گزشتہ روز مقتول عبادالرحمن کی زوجہ مسماۃ حسن پری نے پولیس چوکی فضل حق میں آکر اپنے شوہر کے گھر سے غائب ہونے کی شکایت درج کی اور بتایا کہ میرا شوہر عبادالرحمن گیارہ دسمبر سے گھر سے نکلنے کے بعد واپس نہیں آیا تین دن انتظار کیا لیکن کوئی اطلاع نہیں ملی۔

اے ایس آئی تاج الاسلام نے بتایا کہ ملزمہ کی شکایت پر رپورٹ درج کرنے کے بعد تفتیش شروع کی۔ تفیش کے دوران جدید سائنسی خطوط پر معلوم ہوا کہ مقتول جس دن گھر سے غائب ہوا تھا اس کے بعد اسکا موبائل اس کے بیٹے حیدر کے زیر استعمال رہا تھا جس پر ملزم حیدر ولد عبادالرحمن سکنہ میروس کو گرفتار کرکے تفیش شروع کردی گئی۔

ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ انہوں نے اپنی والدہ مسماۃ حسن پری زوجہ عبادالرحمن اوراپنی بیوی رخیہ بی بی اور سسر فضل خالق کے ساتھ مل کر اپنے والد عبادالرحمن کو ٹوکہ کے ذریعے قتل کرکے اس کے جسم کے گیارہ ٹکرے کردئے اورلاش کو جلادیا گیا۔ جبکہ لاش کی باقیات کو دو بوریوں میں ڈال کر نزد میروس ایراب کے پانی میں پھینک دیا گیا۔

پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ملزمان کے گھر پر چھاپہ مار کر مقتول کی بیوی، بہو اور سالہ جو کہ ملزم حیدر کا سسر بھی تھا کو گرفتار کرکے تفتیش کے لئے پولیس تھانہ صدر منتقل کردیا۔

پولیس عملے نے ملزمان کی نشاندہی پر بوریوں میں بند لاش کی باقیات کو دریافت کرکے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفیش میں ملزمان نے وجہ عناد یہ بتائی کہ مقتول کو اپنے گھر رات لیٹ آنے پر اور کردار پر شک ہونے پر قتل کیا گیا۔ پولیس تھانہ صدر کے تفتیشی آفیسر انسپیکٹر یعقوب خان نے بتایا کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ انکو 22 دسمبر کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائیگا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button