علی امین گنڈا پور کی رہائش گاہ سے سیلاب متاثرین کے 25 ٹینٹس برآمد
نثاربیٹنی
ڈیرہ اسماعیل خان میں شہری کی درخواست پر محکمہ اینٹی کرپشن نے سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور کی رہائشگاہ پر چھاپہ مار کر 1 سال قبل سیلاب متاثرین کیلئے پی ڈی ایم اے اور یو این ایچ سی آر کی جانب سے بھجوائے گئے ٹینٹ برآمد کرلئے۔
محکمہ اینٹی کرپشن ڈیرہ کو غلام عباس نامی شہری کی جانب سے درخواست موصول ہوئی کہ پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر سردار علی امین گنڈہ پور کی رہائشگاہ پر سیلاب متاثرین کے لیے یو این ایچ سی آر اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے بھجوایا گیا سامان موجود ہے۔ درخواست پر محکمہ اینٹی کرپشن ڈیرہ نے عدلیہ سے اجازت کے بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ اینٹی کرپشن ڈیرہ سیف الرحمن خان اور سرکل آفیسر محکمہ اینٹی کرپشن منہاج سکندر بلوچ کی قیادت میں سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور کی رہائشگاہ ”الامین ہائوس ”پر چھاپہ مارا۔ رہائشگاہ سے منسلک مکان سے سیلاب متاثرین کے لئے یو این ایچ سی آر کی جانب سے بھجوائے گئے 17 ٹینٹ اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے بھجوائے گئے 8 ٹینٹ برآمد کرلئے۔
اینٹی کرپشن کے مطابق سامان کو غیر قانونی طور پر علی امین نے اپنے گھر میں رکھا تھا، واقعہ کی رپورٹ اعلی حکام کو بھیجوا دی ہے۔
محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق اس موقع پر سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور کے والد امین اللہ خان گنڈہ پور بھی موجود تھے جو برآمد ہونیوالے سیلاب متاثرین کیلئے بھجوائے گئے سامان کی موجودگی کے بارے میں تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے سامان کی برآمد گی کے بعد اپنی انکوائری کا سلسلہ وسیع کردیاہے۔
دوسری طرف سابق وفاقی وزیر اور صوبائی صدر پاکستان تحریک انصاف علی امین گنڈہ پور کے گھر پر اینٹی کرپشن کے چھاپہ کے حوالے سے علی امین کا مؤقف بھی سامنے آگیا۔
ٹینٹس کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ مذکورہ ٹینٹس انکی ذاتی ملکیت ہے۔ بازار سے خریدے تھے۔ میں ہر سال متاثرین کی امداد کرتا رہتا ہوں، حکومت انکوائری کرے کہ یہ ٹینٹ کیسے میرے پاس آئے۔