سیاست

توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی سزا معطل

 

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سزا معطل کردی۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو آج سنایا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے زبانی طور پر مختصر فیصلہ سنایا اور چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کی درخواست منظور کی۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے پی ٹی آئی کے وکلا سے کہا کہ تحریری فیصلے میں سزا معطلی کی وجوہات بتائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ 5 اگست کو ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خان کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد پولیس نے عمران خان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کیا تھا۔ٹرائل کورٹ سے سزا کے نتیجے میں الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو الیکشن میں حصہ لینے کے لیے پانچ سال کے لیے نااہل قرار دیا۔

عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2018 سے 2022 کے دوران اپنی وزارت عظمیٰ کے دور میں بیرون ممالک سے ملنے والے قیمتی تحائف کم قیمت پر حاصل کیے اور پھر ان تحائف کو 6 لاکھ 35 ہزار ڈالر میں فروخت کیا۔

عمران خان کو ملنے والے تحائف میں سعودی عرب سے ملنے والی قیمتی گھڑی بھی شامل ہے جس پر خانہ کعبہ کا ماڈل بنا ہوا ہے اور اس کی عالمی مارکیٹ میں قیمت اندازے کے مطابق 60 سے 65 کروڑ روپے ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button