نئے پاکستان کے نام پر مجھے بے وقوف بنایا گیا، پرویز خٹک
پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز نے نوشہرہ سے جلسہ کرتے ہوئے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
نوشہرہ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کے نام پر مجھے بھی بے وقوف بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے کارکنوں کو تہذیب اور اخلاقی اقدار سے دور رکھا، عمران خان مغرور ہے اور غرور کا سر ہمیشہ نیچے ہوتا ہے۔
پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے سربراہ نے کہا کہ پرویزخان خٹک غدار نہیں تھا، میں نے صوبہ کے عوام کی خدمت کرکے دکھائی، عوام کیلیے آسانیاں پیدا کیں، خیبر پختونخوا سے رشوت کا خاتمہ کر کے عوام کو صحت کارڈ جیسی سہولیات دیں۔
قبل ازیں پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے رہنماؤں نے خطاب میں کہا کہ ہماری منزل اگلے انتخابات میں صوبے میں حکومت قائم کرنا ہے۔
ادھر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ صوبے میں آئندہ حکومت پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی ہو گی۔ ابھی تو آغاز ہے، اب ہم پورے صوبے میں جلسے کریں گے۔
محمود خان نے کہاکہ ملک میں 130 تک سیاسی پارٹیاں رجسٹرڈ ہیں لیکن الیکشن میں چند ہی ہوتی ہیں۔ ہم کسی کے خلاف بات نہیں کریں گے، پارٹی منشور پر عمل کیا جائے گا۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے اپنے ادوار میں خیبر پختونخوا کے اندر پولیس ریفارمز، صحت کارڈ اور بی آر ٹی جیسے منصوبے صوبے کو دیے۔ اس کے علاوہ سوات موٹروے کی تعمیر بھی ہمارا کریڈٹ ہے جبکہ پشاور تا ڈی آئی خان اور دیر موٹروے تعمیر کی۔