سیاست

انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کے آٹھویں نگران وزیراعظم کا حلف اٹھا لیا

انوار الحق کاکڑ نے بطور نگران وزیراعظم پاکستان عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی انوار الحق کاکڑ سے بطور نگران وزیراعظم عہدے کا حلف لیا، تقریب میں سابق وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ اسپیکر راجہ پرویزاشرف، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی اور پی ٹی آئی سینیٹر شہزاد وسیم بھی شریک ہوئے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے نگران وزیراعظم کے لیے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام کی منظوری دی تھی جس کے بعد صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی سمری پر دستخط کر دیے تھے۔

انوار الحق کاکڑ نے بطور نگران وزیراعظم غیر جانبدار رہنے کے لیے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ بھی دے دیا ہے جو چیئرمین سینیٹ نے منظور بھی کر لیا ہے۔

انوارالحق کاکڑ کون ہیں؟

انوارالحق کاکڑ مارچ 2018 میں آزاد حییثیت سے سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے، ان کی 6 سالہ مدت مارچ 2024 میں ختم ہوگی۔

انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز اور ہیومن ریسوس ڈیولپمنٹ کے چیئرمین کے طور پر کام کیا، اس کے علاوہ وہ سینیٹ کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی، فنانس اینڈ ریونیو، خارجہ امور اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے رکن بھی رہے۔

انوار الحق کاکڑ نے سینیٹ میں 2018 میں قائم ہونے والی بلوچستان عوامی پارٹی کے لیے پارلیمانی لیڈر کا کردار بھی ادا کیا۔

انوار الحق کاکڑ نے 5 سال تک اس پوزیشن پر خدمات انجام دیں، تاہم، پانچ ماہ قبل ان کی جماعت نے نئی قیادت کے انتخاب کا فیصلہ کیا جس کے بعد انہیں تبدیل کر دیا گیا تھا۔

انہوں نے دسمبر 2015 سے جنوری 2018 تک بلوچستان حکومت کے ترجمان کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔

اسلام آباد میں قائم تحقیقی ادارے سینٹر فار اسٹریٹجک اینڈ کنٹیمپریری ریسرچ کے مطابق انوارالحق کاکڑ نے بلوچستان یونیورسٹی سے سیاسیات اور سماجیات میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی تھی۔

نگران وزیراعظم انگریزی، اردو، فارسی، پشتو، بلوچی اور براہوی زبانوں میں مکمل مہارت رکھتے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button