خیبر امن جلسہ: ‘پختون قوم کسی نئی جنگ کے لیے تیار نہیں’
شاہ نواز آفریدی
ضلع خیبر میں امن وامن کی ابتر صورتحال، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ‘ خیبر امن جلسہ’ کے نام پر ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام اور مخلتف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے شرکت کی۔
باڑہ سیاسی اتحاد کے زیر اہتمام خیبر امن جلسہ میں سیاسی اتحاد کے قائدین سمیت پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور احمد پشتین، جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان، عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل سردار حسین بابک اور مسلم لیگ (ن) کے شہاب الدین خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرے میں مقررین نے کہا کہ باڑہ کے عوام نے پالیسی سازوں پر ثابت کیا کہ قبائلی عوام کسی صورت علاقے میں نئی جنگ اور بدامنی برداشت نہیں کریں گے، بد قسمتی سے پختون بیلٹ اور خاص کر قبائلی علاقوں میں جس نئی جنگ تیاریاں کی جارہی ہیں، پختون قوم کسی صورت ان پراکسی جنگ کی ایندھن بنے کے لیے تیار نہیں ہے کیونکہ نوجوان باشعور اور امن کیلئے متحد ہوچکے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے وارداتوں کو کنٹرول کرنے میں ریاست مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے جس کے باعث قبائلی علاقوں میں سرمایہ کاری اور سرمایہ دار طبقہ عدم تخفوظ کی بناء اپنا سرمایہ نکال رہی ہے جس کا براہ راست اثر روزگار پر پڑھ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں کو پختون بیلٹ میں معدنیات تو نظر آتے ہیں جبکہ دہشت گرد عناصر ان کے آنکھوں سے اوجھل ہیں جو کہ افسوس کا مقام ہے، علاقے میں امن وامان اور عوام کی جان ومال کے حفاظت کی ذمہ داری ریاست کی ہوتی ہے اور ہم پالیسی سازوں سے پختون بیلٹ میں قیام امن کا مطالبہ کرتے ہیں۔
جلسہ کے اختتام پر باڑہ سیاسی اتحاد کے ترجمان صدیق چراغ آفریدی نے بیان جاری کرتے ہوئے جلسہ میں شرکت کرنے پر عوام، ضلع خیبر کے صحافیوں کا اور بہترین سکیورٹی انتظامات پر تھانہ باڑہ کے ایس ایچ او ملک اکبر آفریدی اور ان کے ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔