سیاست

متھرا اور حویلیاں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے فوج کی خدمات طلب کرلی گئیں

پشاور کی تحصیل متھرا اور ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے فوج کی خدمات بطور کوئیک رسپانس فورس حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے تمام اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن میں خیبر پختونخوا کی دونوں تحصیلوں میں چیئرمین کے انتقال کے باعث خالی ہونیوالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس ہوا جس کی صدارت سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، سیکرٹری بلدیات خیبر پختونخوا، انسپکٹر جنرل پولیس اور صوبائی الیکشن کمشنر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ریٹرننگ آفیسرز نے پولنگ سٹیشن کی لسٹ جاری کردی ہے جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کرتے ہوئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین متھرا کی خالی نشست، سیاسی جماعتوں کے لیے ٹیسٹ کیس

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور انسپکٹرجنرل پولیس خیبر پختونخوا نے الیکشن کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ علاقوں میں کچھ سکیورٹی خدشات ہیں جس کے باعث ان علاقوں میں پولیس کے ساتھ ساتھ فوج کے دستے بھی تعینات کئے جائیں گے تاکہ الیکشن کے دوران پر امن ماحول کو یقینی بنایا جاسکے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ فوج کی تعیناتی کیلئے وزرات داخلہ کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے ان انتخابات میں فوج بطور کوئک رسپانس فورس ڈیوٹی سرانجام دے گی۔ واضح رہے کہ دونوں حلقوں میں پولنگ اتوار 6 اگست کو شیڈول ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button