سیاست

سعودی عرب نے دو ارب ڈالر سٹیٹ بینک میں جمع کروا دیے: وزیر خزانہ اسحاق ڈار

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر جمع کروا دیے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دوست ملک سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2  ارب ڈالر ڈیپازٹ کردیے ہیں۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم پاکستان، آرمی چیف اور  اپنی طرف سے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مستقبل میں معاشی معاملات میں مزید بہتری کی طرف جائیں گے، پاکستان کی معیشت پہلے سے بہتر ہے، جلد مزید استحکام پیدا ہوگا۔

خیال رہے کہ وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف کےدرمیان ایکسٹرنل فنانسنگ کا معاملہ طے پاگیا ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کے بھیجے گئے 8.2 ارب ڈالر کی فنانسنگ گیپ کا منصوبہ مان لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو  آئی ایم ایف، عالمی بینک، ایشین ڈیولپمنٹ بینک، چین، سعودیہ اور یو اے ای سے فنانسنگ حاصل کرنی ہے جبکہ رواں مالی سال کے دوران چین سے 3.5 ارب ڈالر کی فنانسنگ کا انتظام کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کے پلان کے مطابق سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کی فنانسنگ حاصل کرنی تھی۔

اس کے علاوہ یو اے ای سے ایک ارب ڈالر ، ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ اور عالمی بینک سے 50 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سعودی عرب کی جانب سے دو ارب ڈالر جمع کروانے پر اس کا شکریہ ادا کیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button