صدر مملکت نے جسٹس فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کی منظوری دے دی
صدر مملکت عارف علوی نے سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کی منظوری دے دی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال آئین کے آرٹیکل 179 کے تحت 16 ستمبر 2023 کو ریٹائر ہوں گے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس سپریم کورٹ تعیناتی کا اطلاق 17 ستمبر 2023 سے جسٹس عمرعطا بندیال کی ریٹائرمنٹ سے ہوگا۔ صدر مملکت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے 17 ستمبر 2023 کو عہدے کا حلف لیں گے۔
صدرمملکت نے 2 ماہ پہلے ہی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے چیف جسٹس بننےکی منظوری دی ہے، قاضی فائز عیسیٰ پاکستان کے 29 ویں چیف جسٹس ہوں گے۔ موجودہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے 2 فروری 2022 کو چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور وہ 17 ستمبر 2023 کو ریٹائر ہوجائیں گے۔
ادھر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس پاکستان تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ وفاقی وزارت قانون نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کا اطلاق 17 ستمبر 2023 سے ہوگا۔
جسٹس قاضی فائز عیسٰی کون ہیں؟
سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 26 اکتوبر 1959 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے والد قاضی محمد عیسیٰ تحریک پاکستان کے اہم رہنما تھے اور ان کے دادا قاضی جلال الدین سابقہ ریاست قلات کے وزیراعظم تھے۔
قاضی محمد عیسیٰ بلوچستان کے پہلے شخص تھے جنہوں نے لندن سے قانون کی ڈگری (بار ایٹ لاء) حاصل کی، انہوں نے وطن واپسی پر آل انڈیا مسلم لیگ کو بلوچستان میں منظم کرنے میں اہم کردار ادا کیا جس پر قائداعظم نے انہیں بلوچستان مسلم لیگ کا صدر مقرر کیا، وہ مسلم لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے بلوچستان سے واحد رکن بھی تھے۔
خود جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ اور پھر کراچی سے حاصل کی جس کے بعد 1982 میں وہ قانون کی تعلیم حاصل کرنے لندن چلے گئے جہاں سے 1985 میں واپس آئے اور بلوچستان ہائی کورٹ کے وکیل کے طور پر کیریئر شروع کیا، سپریم کورٹ اور بلوچستان ہائی کورٹ سمیت ملک کی تمام ہائی کورٹس میں 27 سال پریکٹس کے بعد وہ 2007 میں بلوچستان ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 5 اگست 2009 کو بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر ہوئے۔
5 سمتبر 2014 کو انہوں نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا، 25 اکتوبر 2024 ان کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو بینکنگ، ماحولیات اور سول قوانین میں مہارت ہے، بطور جج تعیناتی سے قبل وہ انگریزی اخبارات میں آئین و قانون، تاریخ اور ماحولیات پر آرٹیکلز بھی لکھتے رہے ہیں۔