بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کا امکان
نئے مالی سال کا 14 ہزار 500 ارب روپے کا بجٹ آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار بجٹ تجاویز ایوان میں پیش کریں گے۔ وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم 1150 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے جو رواں سال کے مقابلے میں 31فیصد زیادہ ہوگا۔ اس میں پارلیمنٹیرینز کی تجویز کردہ اسکیموں کے لیے 90 ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں۔
پنجاب کا ترقیاتی بجٹ 426ارب روپے اور خیبر پختونخوا کا268 ارب روپے تجویز کیا جا رہا ہے، بلوچستان کا ترقیاتی 248 ارب روپے تجویز کیاجائے گاجوکہ موجودہ سال کی نسبت 65 فیصد زیادہ ہے۔
آئندہ مالی سال 24-2023 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق گریڈ 1 سے 16 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد جب کہ گریڈ 17 سے 22 تک کے سرکاری افسران کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنشن میں بھی 15 سے 20 فیصد اضافے کی تجویز ہے، نئے بجٹ میں پنشن کے لئے 780 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی بجٹ سال 24-2023 میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی حتمی منظوری 9 جون کو ہونے والے کابینہ اجلاس میں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں پنشن کے لئے 609 ارب رکھے گئے تھے جب کہ اس بار پنشنوں کی ادائیگی کے لئے مختص کی گئی رقم میں 171 ارب روپے کا بڑا اضافہ متوقع ہے۔